National

دہلی میں فرضی ڈاکٹروں نے انجام دی سرجری، چار افراد گرفتار

200views

نئی دہلی: دہلی پولیس نے ایک ایسے گینگ کا پردہ فاش کیا ہے جس کے لوگ خود کو ڈاکٹر ظاہر کر کے لوگوں کی سرجری انجام دیتے تھے۔ پولیس نے اس گینگ کے لیے کام کرنے والے چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کی شناخت ڈاکٹر نیرج اگروال، اس کی بیوی پوجا اور سرجن ڈاکٹر جسپریت سنگھ کے طور پر کی ہے۔ پولیس کی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ یہ لوگ گریٹر کیلاش علاقے میں اگروال میڈیکل سینٹر کے نام سے نرسنگ ہوم چلا رہے تھے۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان نے 2022 میں گال بلیڈر کے علاج کے لیے داخل مریض اصغر علی کی سرجری کی تھی۔ ابتدائی طور پر مریض کو بتایا گیا کہ یہ سرجری سرجن ڈاکٹر جسپریت کریں گے لیکن آپریشن سے ٹھیک پہلے ڈاکٹر نیرج کی بیوی پوجا اور مہیندر نامی شخص جو کہ پیشے سے ٹیکنیشن تھا، نے سرجری انجام دی۔ سرجری کے بعد مریض اصغر علی کی موت واقع ہو گئی۔

اصغر علی کی موت کے بعد میڈیکل کونسل اس معاملے کی تحقیقات کر رہی تھی۔ اصغر علی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے نرسنگ ہوم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نیرج، ان کی اہلیہ پوجا، سرجن ڈاکٹر جسپریت سنگھ اور لیب ٹیکنیشن مہیندر کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کی اب تک کی پوچھ گچھ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس معاملے میں سرجن ڈاکٹر جسپریت سنگھ نے جعلی دستاویزات بھی تیار کی تھیں۔ اور ملی بھگت سے یہ آپریشن فرضی ڈاکٹر پوجا اور سابق لیب ٹیکنیشن مہیندر نے کیا۔ سرجری کے دن مریض کے اہل خانہ کو بتایا گیا کہ پوجا اور لیب ٹیکنیشن بھی ڈاکٹر ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اس نرسنگ ہوم میں یہ لوگ خود کو سرجن ظاہر کر کے کئی مریضوں کے آپریشن کر چکے ہیں۔

تحقیقات کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ 2016 سے اب تک میڈیکل کونسل کو ان ڈاکٹروں کے خلاف ایسی 6 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ پولیس کو کلینک سے 414 خالی نسخے بھی ملے ہیں جن پر پہلے ہی ایک ڈاکٹر کے دستخط ہیں۔ یہی نہیں، پولیس نے نرسنگ ہوم سے کئی ایکسپائرڈ سرجیکل بلیڈ، ممنوعہ ادویات، 54 اے ٹی ایم کارڈ اور دیگر دستاویزات برآمد کی ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.