International

امریکہ کے سابق صدر جمی کارٹر 100 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

42views

وہ مونگ پھلی کے کاشت کار تھے؛ ریاست جارجیا کے سابق گورنر بھی رہ چکے تھے

واشنگٹن 30 دسمبر(ایجنسی) مونگ پھلی کے کاشت کار، ریاست جارجیا کے سابق گورنر اور امریکہ کے 39ویں صدر رہنے والے جمی کارٹر کا 100 برس کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔جمی کارٹر نے جب 20 جنوری 1977 کو صدارت کا حلف لیا تھا تو انہوں نے امریکی قوم سے وعدہ کیا تھا کہ حکومت اپنے عوام کی طرح اچھی ہوگی۔جمی کارٹر چار برس تک امریکہ کے صدر رہے۔ لیکن ان کے دور میں یہ چاروں برس انتہائی ہنگامہ خیز رہے۔ امریکہ میں افراطِ زر میں اضافے اور بے روزگاری کی بڑھتی شرح کے سبب ان کی انتظامیہ کو اپنی پالیسی پر عمل در آمد میں مشکلات کا سامنا رہا۔انہوں نے خارجہ پالیسی کی سطح پر کئی کامیابیاں حاصل کیں جن میں مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیل اور اس کے پڑوسی ملک مصر میں کیمپ ڈیوڈ امن معاہدہ اور پانامہ کینال سے متعلق معاہدہ اہم ترین قرار دیے جانے والے اقدامات ہیں۔ تنازعا ت کے حل اور جمہوریت کے فروغ کے اعتراف میں 2002 میں کارٹر کو امن کا نوبیل انعام دیا گیا تھا۔ان کی صدارت کے آخری ایام میں ایران میں یرغمال بنائے گئے افراد کا تنازع وائٹ ہاؤس پر منڈلاتا رہا اور یہ تنازع 1980 کے صدارتی الیکشن میں ان کی شکست کا بھی سبب بنا۔جمی کارٹر کی صدارت کی مدت تو جنوری 1981 میں ختم ہو گئی تھی۔ لیکن اس کے ساتھ ہی انہوں نے زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز بھی کر دیا۔ انہوں نے اس سفر میں ’بیماریوں کا مقابلہ، امید کی تعمیر اور قیامِ امن‘ کی کوشش شروع کر دی۔جمی کارٹر رواں برس یکم اکتوبر کو 100 برس کے ہوئے تھے۔ ان کی سال گرہ سے قبل ہی اٹلانٹا کے تاریخی ہال فوکس تھیٹر میں ایک تقریب منقعد کی گئی تھی۔ اس کے مہمان ہزاروں میں تھے اور یہاں کئی فن کاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔اٹلانٹا شہر میں کارٹر کی 100 ویں سال گرہ کی تقریب کا اہتمام کرنے میں ان کے پوتے جیسن کارٹر نے بنیادی کردار ادا کیا تھا۔اس وقت جیسن نے بتایا تھا کہ ان کے دادا کی 100 ویں سال گرہ کی تقریب میں وہ گلوکار اور فن کار بھی شریک ہوئے ہیں جنہوں نے 1970 کی دہائی میں ان کی صدارتی مہم میں بھی حصہ لیا تھا۔کارٹر کے پوتے جیسن کا کہنا تھا کہ اس تقریب میں رنگ، نسل اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر آنے والے لوگ ملیں گے۔ ان کے بقول ’’آج یہاں ڈیموکریٹ بھی ہیں اور ری پبلکن بھی۔‘‘سالگرہ کی تقریب میں کئی مقررین، اداکار، موسیقار شریک ہوئے تھے اور سابق صدور نے ویڈیو پیغامات بھیجے تھے۔ لیکن اس گہماگہمی میں ایک جو اہم ترین شخص یہاں موجود نہیں تھا وہ خود جمی کارٹر تھے۔ کارٹر کینسر کے عارضے کی وجہ سے اٹلانٹا کے جنوب میں 240 کلومیٹر دور اپنے گھر پر طبی نگہداشت میں موجود تھے۔جیسن کارٹر نے بتایا کہ وہ 600 نفوس پر مشتمل ایک گاؤں ہے۔ سابق صدر کارٹر نے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد رفاہی کاموں کا جو سلسلہ شروع کیا تھا اس میں گھروں کی تعمیر بھی شامل تھی۔ انہوں نے افریقہ میں مالی اور جنوبی سوڈان میں کتنے ہی ایسے چھوٹے چھوٹے گاؤں بسائے ہیں۔کارٹر کے پوتے کہتے ہیں کہ ان کے دادا اپنے بسائے ہوئے ان دیہات سے قلبی تعلق رکھتے ہیں اور ان سب کو اپنا گھر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کارٹر نے جارجیا کے علاقے پلینز سے ‘جارجیا پبلک ٹیلی وژن، پر کانسرٹ دیکھا۔ یہ جگہ وہاں سے بہت دور نہیں ہے جہاں وائز سینیٹوریم میں ان کی والدہ للین کارٹر نے یکم اکتوبر 1924 کو جمی کارٹر کو جنم دیا تھا۔وہ اس سینیٹوریم میں نرس کے طور پر کام کرتی تھیں۔ کارٹر اسپتال میں پیدا ہونے والے پہلے امریکی صدر تھے۔ آج اس عمارت کو جمی کارٹر نرسنگ سینٹرکے نام سے جانا جاتا ہے۔کارٹر خاندان سے دیرینہ دوستی رکھنے والی جل اسٹکی بتاتی ہیں کہ کارٹر کی پیدائش اس لیے اسپتال میں ہوئی تھی کیوں کہ ان کی والدہ وہاں کام کرتی تھیں اور اس دن بھی اپنی ذمے داریاں ادا کر رہی تھیں۔جل اسٹکی پلینز میں جمی کارٹر نیشنل ہسٹارک سائٹ کی سپرنٹنڈنٹ بھی ہیں۔اس علاقے میں کارٹر کے دورِ نوجوانی کا فارم، پلینز کا پرانا ہائی اسکول جہاں کارٹر تعلیم حاصل کرتے تھے اور وہ ریل کی پٹریوں کا ڈپو بھی موجود ہے جسے کارٹر نے اپنی 1976 میں انتخابات جیتنے سے قبل اپنی انتخابی مہم کا مرکزی دفتر بنایا تھا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.