National

مارچ 2024 میں ’ویج تھالی‘ ہوئی مہنگی، دال کی قیمت میں 22 فیصد اضافہ کا اثر!

150views

مارچ 2024 میں پیاز، ٹماٹر اور آلو کی قیمتیں بڑھنے سے ’ویج تھالی‘ کی قیمت سالانہ بنیاد پر 7 فیصد تک مہنگی ہو گئی ہے۔ گھریلو ریٹنگ ایجنسی کریسل کی ایک یونٹ نے اس تعلق سے ایک سروے کیا ہے جس کا نتیجہ اس نے 4 اپریل کو پیش کیا۔ کریسل مارکیٹ انٹلیجنس اینڈ اینالیسس نے اپنی ماہانہ ’روٹی چاول شرح‘ رپورٹ میں کہا ہے کہ پالٹری کی قیمتیں گھٹنے سے گزشتہ مہینے ’نان ویج تھالی‘ کی قیمت میں 7 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی ہے، لیکن ’ویج تھالی‘ کی قیمت میں گزشتہ ماہ کے مقابلے انتہائی معمولی کمی ہوئی ہے۔

’ویج تھالی‘ میں عموماً روٹی، سبزیاں (پیاز، ٹماٹر اور آلو)، چاول، دال، دہی اور سلاد دی جاتی ہے۔ اس تھالی کی قیمت مارچ میں بڑھ کر 27.3 روپے فی پلیٹ ہو گئی ہے، جو ایک سال قبل یکساں مدت میں 25.5 روپے تھی۔ حالانکہ فروری کے 27.4 روپے کے مقابلے میں مارچ میں ’ویج تھالی‘ کی قیمت کچھ حد تک کم ہوئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’’آمد کم ہونے اور کم بیس پرائس کے سبب پیاز کی قیمت سالانہ بنیاد پر 40 فیصد، ٹماٹر کی قیمت 36 فیصد اور آلو کی قیمت 22 فیصد بڑھنے سے ویج تھالی مہنگی ہو گئی ہے۔‘‘ رپورٹ کے مطابق کم آمد کے سبب ہی ایک سال پہلے کے مقابلے میں چاول کی قیمت بھی 14 فیصد اور دالوں کی قیمتیں 22 فیصد بڑھ گئی ہیں۔

دوسری طرف ’نان ویج تھالی‘ کی قیمت گزشتہ سال مارچ ماہ میں 59.2 روپے تھی جو گزشتہ مہینے یعنی مارچ 2024 میں گھٹ کر 54.9 روپے ہو گئی۔ لیکن فروری کے 54 روپے فی تھالی کے مقابلے میں اس کی قیمت مارچ میں زیادہ رہی۔ دراصل برائیلر مرغ کی قیمتوں میں 16 فیصد کی گراوٹ آنے سے سالانہ بنیاد پر نان ویج تھالی کی قیمت گھٹی ہے۔ نان ویج تھالی میں برائیلر کا وزن 50 فیصد ہوتا ہے۔ فروری کے مقابلے میں مارچ ماہ میں برائیلر کی قیمتیں 5 فیصد بڑھ گئی ہیں، کیونکہ رمضان کے پاکیزہ مہینے میں اس کی طلب بڑھ گئی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.