National

تین مراحل کی ووٹنگ سے پریشان وزیر اعظم کھلے عام ’مسلمانوں‘ کا ذکر کرنے لگے: شرد پوار

145views

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حالیہ تقاریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ لوک سبھا انتخابات کے پہلے تین مرحلوں میں ہونے والی ووٹنگ نے مودی کو بے چین کر دیا ہے۔ اسی لیے اب انہوں نے اپنی تقریروں میں مسلم کمیونٹی کا کھل کر ذکر کرنا شروع کر دیا ہے۔ شرد پوار ستارا ضلع میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

شرد پوار نے کہا، ’’ووٹنگ کے ان تین مرحلوں کے بعد وزیر اعظم مودی کا لہجہ بدل گیا ہے۔ مودی اپنی تقریروں میں مسلم کمیونٹی کا کھل کر ذکر کر رہے ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ فرقہ وارانہ خیالات کو سامنے لانے سے حالات بدل جائیں گے لیکن مجھے یقین ہے کہ ان کی پارٹی کے کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ جیسے جیسے ووٹنگ کے مراحل مکمل ہو رہے ہیں، ان کی پوزیشن خطرے میں آ رہی ہے۔‘‘

دریں اثنا، شرد پوار نے کہا کہ مہاراشٹر میں لوک سبھا کی کل 48 میں سے 30-35 سیٹوں پر مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے جیت درج کرنے کی امید ہے۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ عوام تبدیلی کے خواہاں ہیں اور 4 جون کو جب لوک سبھا انتخابات کے نتائج جاری کئے جائیں گے تو یہ نظر بھی آ جائے گا۔

انہوں نے کہا، ’’2019 کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو ایک سیٹ، این سی پی (غیر منقسم) کو چار سیٹ اور اے آئی ایم آئی ایم کو ایک سیٹ ملی تھی۔ لیکن اس مرتبہ ایسا لگتا ہے کہ ہماری سیٹوں کی تعداد 30 سے 30 کے درمیان رہے گی۔ لوگ تبدیلی کی امید کر رہے ہیں اور رجحانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کانگریس، این سی پی (شرد چندر پوار) اور شیو سینا (یو بی ٹی) کو ووٹروں کی بھاری حمایت حاصل ہوگی۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.