بہار پبلک سروس کمیشن نے گزشتہ 15 مارچ کو ’ٹی آر ای 3‘ یعنی ٹیچر بھرتی کے لیے جو امتحان منعقد کرایا تھا، اسے رد کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس امتحان کا پیپر لیک ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں اور معاملے کی جانچ چل رہی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ پیپر لیک معاملے پر اکنامک آفنسز یونٹ نے سوالنامہ لیک ہونے کے ثبوت دیے تھے، جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) نے امتحان کو رد کرنے کا فیصلہ لیا۔
ٹیچر بھرتی کا امتحان رد کیے جانے کے بعد اب نئے سرے سے اس امتحان کو منعقد کرائے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ حالانکہ فی الحال بی پی ایس سی نے امتحان سے متعلق کسی نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ جلد ہی کمیشن اپنی آفیشیل ویب سائٹ پر اس سلسلے میں جانکاری دے گا۔
واضح رہے کہ بی پی ایس سی کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق بہار اسکول ٹیچر بھرتی امتحان (ٹی آر ای 3) 15 مارچ 2024 کو دو شفٹ میں منقعد کیا گیا تھا۔ پہلی شفٹ میں امتحان صبح 9.30 بجے سے دوپہر 12.00 بجے تک اور دوسری شفٹ میں دوپہر 2.30 بجے سے شام 5.00 بجے تک ہوا تھا۔ اسی درمیان سینکڑوں کی تعداد میں طلبا کو حراست میں لیے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں اور کہا گیا تھا کہ انھیں لیک ہوئے پیپر دے کر امتحان کی تیاری کرائی گئی تھی۔ تب سے ہی امتحان کینسل ہونے کے اندیشے ظاہر کیے جا رہے تھے، اور آج اس سلسلے میں باضابطہ اعلان بھی ہو گیا۔