International

جاپان: زلزلہ میں ہلاکتوں کی تعداد 64 پہنچی، یکم جنوری کو محسوس کیے گئے تھے 155 جھٹکے

254views

نئے سال کے پہلے ہی دن جاپان میں آئے زلزلوں نے تباہی کا منظر پیدا کر دیا اور حالات معمول پر آنے میں ابھی وقت لگنے والا ہے۔ زلزلہ کی وجہ سے ہوئی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 64 پہنچ گئی ہے اور کئی مقامات پر راحت رسانی و بچاؤ کا عمل ہنوز جاری ہے۔ ملبہ اور ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی وجہ سے بچاؤ کاری کے عمل میں مشکلات درپیش ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ جاپان میں لگاتار 155 زلزلوں کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اس قدرتی آفت کے بعد سنامی کا الرٹ جاری کیا گیا تھا اور یکم جنوری کو ہی سنامی کی لہریں جاپانی سمندروں میں دیکھنے کو بھی ملی تھیں۔ زلزلہ کی وجہ سے اشیکاوا علاقہ کے واجیما شہر میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور کئی علاقوں میں آگ لگنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔ حالانکہ اب تک یہ اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے کہ زلزلہ کے سبب کتنا مالی نقصان ہوا ہے۔

اس درمیان جاپان کے محکمہ موسمیات نے جمعرات کو رک رک کر بارش کے ساتھ لینڈ سلائڈنگ کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جاپان کے ڈیفنس فورس (جے ایس ڈی ایف) کو متاثرہ علاقوں میں بچاؤ کاری کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی ضرورت کی چیزیں پہنچائیں گے۔ دراصل مقامی افسران نے مرکزی حکومت سے ریسکیو مشن کے لیے جے ایس ڈی ایف اہلکاروں کو بھیجنے کی گزارش کی تھی۔

Follow us on Google News