ڈرائیور ڈرائیونگ کرتے وقت ٹریفک قوانین پر عمل کریں : ڈی سی
جدید بھارت نیوز سروس
رام گڑھ، 9 جنوری:قومی روڈ سیفٹی ماہ کے تحت 1 جنوری سے 31 جنوری 2025 تک ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفس کی جانب سے سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے،لوگوں میں ٹریفک قوانین پر عمل کرانے کیلئے بیداری پیدا کرنے کیلئے چلائی جانے والی مہم کا آغاز جمعرات کو چھترمانڈو میں واقع کلکٹریٹ کے احاطے سے ڈپٹی کمشنر چندن کمار اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اجے کمار نے مشترکہ طور پرروڈ سیفٹی بیداری رتھ اور موٹر سائیکل ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر چندن کمار نے کہا کہ روڈ سیفٹی بیداری رتھ ضلع کے تمام علاقوں میں لوگوں کو روڈ سیفٹی قوانین کے بارے میں جانکاری دے کر بیدار کرنے کا کام کرے گی۔انہوں نے ضلع کے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ روڈ سیفٹی کے اصولوں پر مکمل عمل کریں۔ اگر آپ دو پہیہ گاڑی چلاتے ہیں تو آپ کو ہیلمٹ پہننا چاہیے اور فور وہیلر چلاتے وقت آپ کو سیٹ بیلٹ پہننا چاہیے۔ ڈرائیونگ کے دوران شراب نہ پییں، زیادہ تیز گاڑی نہ چلائیں۔ انہوں نے آٹو ڈیلرز سے کہا کہ گاڑی بیچنے والے کے طور پر آپ کا کردار اہم ہے، گاڑی دیتے وقت اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام دستاویزات مکمل ہوں، ڈرائیو نگ لائسنس لازمی ہو۔ نوعمر نوجوان تیز رفتاری سے دو پہیہ گاڑیاں چلاتے ہیں جو کہ قوانین کے خلاف ہے اور کافی خطرناک ہے۔ گاڑیوں کی ایجنسیاں گاڑی کے ساتھ ایک پمفلٹ فراہم کرتی ہیں، یا تو بل میں یا الگ سے، جس میں آگاہی کا پیغام ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اچھے معیار کا ہیلمٹ استعمال کرنے کی اپیل کی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ اجے کمار نے روڈ سیفٹی کے سلسلے میں اجتماعی شرکت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو روڈ سیفٹی کے بارے میں بیدار کرنے میں ہر ایک کا کردار ہے۔ اگر آپ کسی بھی گاڑی کے ساتھ گھر سے نکل رہے ہیں تو گھر والوں کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اگر آپ کے پاس موٹر سائیکل ہے تو آپ کو بغیر ہیلمٹ کے گاڑی چلانے کی اجازت نہ دیںاور اگر آپ کے پاس کار ہے تو سیٹ بیلٹ استعمال کرنے کو ضرور کہیں۔ انہوں نے ضلع کے تمام مکینوں سے بھی کہا کہ وہ روڈ سیفٹی آگاہی مہم کا حصہ بنیں اور لوگوں کو آگاہ کریں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفیسر منیشا وتس نے کہا کہ بیداری رتھ پورے مہینے ضلع کے تمام شہری اور دور دراز علاقوں میں گھومے گی تاکہ لوگوں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں جانکاری فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے تمام والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ 18 سال سے کم عمر کے بچوں کو گاڑی چلانے کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے تمام ڈرائیوروں سے ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی بھی اپیل کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر رابن ٹوپو، ضلع پبلک ریلیشن آفیسر ڈاکٹر پر بھات شنکر، سب ڈویژنل پولیس آفیسر (ہیڈ کوار ٹر) مسٹر چندن وتس، ٹرانسپورٹ آفس کے تمام عملہ، روڈ سیفٹی کے اہلکار اور دیگر موجود تھے۔