National

کانگریس اگنی ویر اسکیم پر روک لگائے گی: ملکارجن کھڑگے

98views

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ اگر کانگریس اقتدار میں آتی ہے تو وہ اگنی ویر اسکیم پر روک لگا دے گی۔ کانگریس صدر کے مطابق اگنی ویر اسکیم ملک کے نوجوانوں کو صرف 4 سال تک روزگار فراہم کرنے کے بعد بے روزگاری کا باعث بنتی ہے۔

کانگریس بارہا یہ مطالبہ کرتی رہی ہے کہ نوجوانوں کو فوج میں مستقل ملازمت ملنی چاہیے۔ اگنی ویر اسکیم فوج میں بھرتی کے لیے لائی گئی تھی، مگر اس میں بھرتی نوجوانوں کو 4 سال کے لئے ہی ملازمت پر رکھا جاتا ہے۔

ملکارجن کھڑگے نے جمعرات کو اس موضوع پر سوشل میڈیا کے ذریعے کہا کہ اگنی ویر اسکیم کو زبردستی لاگو کر کے مودی حکومت نے لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ تقریباً ڈیڑھ لاکھ ایسے نوجوان ہیں جنہیں عام بھرتی کے نظام کے ذریعے مسلح افواج میں داخلے کی منظوری دی گئی تھی لیکن منتخب ہونے کے بعد بھی انہیں داخلہ نہیں ملا۔

کانگریس صدر نے کہا کہ اگنی ویر اسکیم نہ صرف نوجوان محب وطنوں کو 4 سال کی میعاد مکمل ہونے پر بے روزگاری کے اندھیروں میں دھکیلتی ہے بلکہ ایک اگنی ویر ہر قسم کی طبی، مالی امداد، پنشن سے محروم ہو جاتا ہے اور وہ بچوں کے لیے وظیفے کا فائدہ بھی نہں لے سکتا جو ایک عام منتخب فوجی کو ملتا ہے۔

کھڑگے نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے لیے ہماری قومی سلامتی سب سے اہم ہے اور ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہمارے باصلاحیت محب وطن نوجوانوں کو ہماری فوج میں مستقل داخلہ ملے۔

Follow us on Google News