National

دو ہفتوں میں کانگریس کو ملا 10 کروڑ روپے کا عطیہ، اجئے ماکن نے عوام سے کہا ’شکریہ‘

112views

کانگریس نے دو ہفتہ قبل ’ڈونیٹ فار دیش‘ مہم شروع کی تھی اور کراؤڈ فنڈنگ کا استعمال کرتے ہوئے عوام سے عطیہ دینے کی گزارش کی تھی تاکہ پارٹی کو مضبوطی حاصل ہو۔ اس مہم میں کانگریس کو خاطر خواہ کامیابی مل رہی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اجئے ماکن نے آج جانکاری دی ہے کہ محض دو ہفتوں میں ہی 10 کروڑ روپے کا عطیہ حاصل ہو چکا ہے۔

اجئے ماکن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک طویل پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’نیا سال، نیا سنگ میل۔ ہم نے صرف 2 ہفتوں میں 10 کروڑ روپے سے زیادہ حاصل کر لیا۔‘‘ آگے لکھتے ہیں ’’جیسے ہی 2024 میں ہم نے قدم رکھا ہے، انڈین نیشنل کانگریس دو اہم کامیابیوں کی خبر دیتے ہوئے بہت خوشی محسوس کر رہی ہے۔ (1) خدمت کے 138 سال کا جشن: ہمارے عظیم ملک کی خدمت میں ہمارا سفر اب 138 قابل ذکر سالوں پر محیط ہو چکا ہے۔ (2) آن لائن عطیات میں غیر معمولی کامیابی: ہماری آن لائن عطیہ مہم (https://donateinc.in) دوسرے ہفتے کے اختتام پر ایک سنگ میل قائم کرتی ہے۔ ہم نے مجموعی طور پر 100 ملین روپے (10 کروڑ روپے) جمع کر لیے ہیں!‘‘

’ڈونیٹ فار دیش‘ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اجئے ماکن نے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے ’’آپ کا تہہ دل سے شکریہ: ان لاکھوں حامیوں کا شکریہ جنہوں نے اس سفر میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔ آپ کی سخاوت بہت اہم ہے۔ صرف دو ہفتوں میں 2,48,929 (2.49 لاکھ) درست لین دین کی درخواستوں کے ساتھ، آپ کا تعاون اس کامیابی کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔‘‘

اس پوسٹ میں اجئے ماکن نے عوام سے خصوصی اپیل بھی کی ہے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’جنھوں نے ابھی تک تعاون نہیں کیا، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی جمہوریت کو مضبوط کریں۔ اس اہم مہم (ڈونیٹ فار دیش) میں ہمارا ساتھ دیں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں ’’اگر پہلے ہی تعاون کر چکے ہیں، تو اپنی صلاحیت کے مطابق دوبارہ حمایت کرنے پر غور کریں۔ ہر تعاون، بڑا یا چھوٹا، ایک مضبوط ملک کی طرف ایک قدم ہے۔ یاد رکھیں، ملک کو آپ کی ضرورت ہے۔ انڈین نیشنل کانگریس کو آپ کی ضرورت ہے۔ آپ کا تعاون ہمارے مشن کو تقویت دیتا ہے اور ہمیں آگے بڑھتے رہنے کی طاقت عطا کرتا ہے۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں اجئے ماکن لکھتے ہیں ’’آئیے مل کر 2024 کو بے مثال کامیابی اور ترقی کا سال بنائیں۔ ہمارے ساتھ آئیں، اپنا تعاون پیش کریں اور اس تاریخی سفر کا حصہ بنیں۔‘‘

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.