National

کانگریس صدر کھڑگے نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو لکھا خط، ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ

78views

کانگریس کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ فی الحال مغربی بنگال میں ہے۔ اس یاترا میں تھوڑا بریک لگ گیا ہے، اور جلد ہی یاترا پھر شروع ہونے والی ہے۔ دراصل کچھ شرپسند عناصر کے ذریعہ اس یاترا میں خلل پیدا کرنے کے اندیشے ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے 26 جنوری کو مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو خط لکھا ہے۔ خط میں انھوں نے بنگال میں یاترا کے دوران شرپسند عناصر کی طرف سے ماحول بگاڑنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔

کھڑگے نے ممتا بنرجی کو تحریر کردہ خط میں لکھا ہے کہ ’’انڈین نیشنل کانگریس نے ملک کو متحد کرنے کے لیے منی پور سے مہاراشٹر تک بھارت جوڑو یاترا شروع کی ہے۔ یہ یاترا ان لوگوں کو متحد کرنے کے لیے ہے جنھیں بی جے پی نے مذہب، ذات اور پنتھ کے نام پر الگ کیا ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں ’’اس یاترا کا مقصد یہ یقینی کرنا ہے کہ ملک کے سب سے کمزور لوگوں کو سماجی، معاشی و سیاسی انصاف ملے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ یاترا سیاسی نہیں ہے۔ اس یاترا نے ملک کے سبھی طبقات کے کروڑوں لوگوں کو متوجہ کیا، جو مضبوط، ترقی یافتہ اور جمہوری ملک کی قدر کرتے ہیں۔‘‘

آسٹریلین اوپن: 43 سال کی عمر میں روہن بوپنّا نے رقم کی تاریخ، ایبڈین کے ساتھ مل کر جیتا مینس ڈبلز کا خطاب

بھارت جوڑو نیائے یاترا سے متعلق مغربی بنگال میں پیدا خدشات کا تذکرہ کرتے ہوئے کھڑگے نے لکھا ہے کہ ’’اگلے کچھ دن بھارت جوڑو نیائے یاترا بنگال سے گزرے گی۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ کچھ شرارتی عناصر پھر سے اس یاترا میں رخنہ پیدا کر سکتے ہیں۔ ایسے لوگوں کا ارادہ ریاستی انتظامیہ کی خراب شبیہ ظاہر کرنے یا یاترا کو رخنہ انداز کرنا ہو سکتا ہے۔‘‘ پھر کانگریس صدر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے گزارش کرتے ہیں کہ ’’بنگال میں اس یاترا کو بہتر انداز سے چلانے اور راہل گاندھی سمیت سبھی مسافروں کی سیکورٹی یقینی کرنے کے لیے ہدایت جاری کریں۔ مجھے پتہ ہے کہ گاندھی فیملی اور آپ کے درمیان بہت خوشگوار تعلقات ہیں۔ آپ یہ یقینی کریں کہ سبھی سیکورٹی شبہات کو بہتر انداز میں دور کیا جائے گا۔‘‘

Follow us on Google News