ملکارجن کھڑگے کے ہیلی کاپٹر کی جانچ پر کانگریس ناراض، پوچھا- ’کیا این ڈی اے لیڈروں کے ساتھ بھی ایسا ہوتا ہے؟‘
لوک سبھا انتخابات میں چوتھے مرحلے کی ووٹنگ سے قبل کانگریس ملک بھر میں مسلسل ریلیاں کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں بہار کے سمستی پور اور مظفر پور میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کی انتخابی ریلی کا انعقاد کیا تھا۔ اس ریلی کے دوران کھڑگے کے ہیلی کاپٹر کی جانچ کی گئی، جس کے بعد کانگریس نے بی جے پی پر کئی سوالات کیے ہیں۔
کانگریس نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے افسران کے ذریعہ کانگریس اور اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی بی جے پی لیڈروں کو ’آزادانہ‘ گھومنے پھرنے کی کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔ کانگریس لیڈر راجیش راٹھور نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے ہیلی کاپٹر کی کیرالہ میں جانچ کی گئی۔ اس کے بعد بہار کے سمستی پور میں پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کے ہیلی کاپٹر کی جانچ کی گئی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو میں پولیس اہلکار ہیلی کاپٹر کے ارد گرد موجود نظر آتے ہیں۔
راجیش راٹھوڑ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو اس معاملے کی وضاحت کرنی چاہئے۔ اسے بتانا چاہئے کہ کیا جس طرح کانگریس لیڈران کے ہیلی کاپٹر کی باقاعدگی سے جانچ کی جاتی ہے اسی طرح این ڈی اے کے لیڈران کی بھی جانچ کی گئی ہے؟ اسے تمام ریکارڈ عوام کے سامنے پیش کرنا چاہئے۔ وگرنہ یہ سمجھا جائے گا کہ صرف اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ راجیش راٹھوڑ نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کو ان تمام لیڈروں کے ویڈیو کو بھی عوام کے سامنے لانا چاہئے جن کی جانچ ہوئی ہے۔