National

بی ایس پی نے دہلی کی ساتوں لوک سبھا سیٹوں پر امیدوار اتارنے کا کیا اعلان، 2 مسلم چہروں کو بھی دیا ٹکٹ

167views

بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) چیف مایاوتی نے حیران کرنے والا ایک قدم اٹھاتے ہوئے دہلی کی ساتوں لوک سبھا سیٹوں کے لیے آج اپنے امیدوار کا اعلان کر دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سات امیدواروں میں سے 2 مسلم چہرے ہیں اور اب دہلی کی لوک سبھا سیٹوں پر مقابلہ مزید سخت ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بی ایس پی نے چاندنی چوک سے ایڈووکیٹ عبدالکلام کو اور جنوبی دہلی سے عبدالباسط کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ ان کے علاوہ مشرقی دہلی سے او بی سی سماج کے ایڈووکیٹ راجن پال کو، شمال مشرقی دہلی سے ڈاکٹر اشوک کمار کو، نئی دہلی سے ایڈووکیٹ ستیہ پرکاش گوتم کو، شمال مغربی دہلی سے وجئے بودھ کو اور مغربی دہلی سے وشاکھا آنند کو ٹکٹ دیا ہے۔ عبدالباسط ایک وقت آر جے ڈی سے جڑے ہوئے تھے لیکن اب بی ایس پی کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ دہلی میں تقریباً 20 فیصد درج فہرست ذات کے ووٹرس ہیں اور یہاں پر اتر پردیش کے لوگ بھی بڑی تعداد میں رہتے ہیں جو اب دہلی کے ووٹر بن چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بی ایس پی نے ایک بار پھر دہلی میں قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ کچھ انتخابات میں بی ایس پی کی حالت دہلی میں انتہائی خراب ہوئی تھی، اس لیے کسی نے امید نہیں کی تھی کہ وہ دہلی کی ساتوں لوک سبھا سیٹوں پر اپنا امیدوار کھڑے کرے گی۔ دہلی سبھی سیٹوں پر ووٹنگ 25 مئی کو ہونی ہے۔

ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع ایک رپورٹ میں دہلی بی ایس پی صدر لکشمن سنگھ کا بیان سامنے آیا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ ’’کبھی کانگریس تو کبھی بی جے پی نے ہمیں ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرتے ہوئے ’بی ٹیم‘ بتا دیا۔ لیکن جب عآپ اور کانگریس کا اتحاد ہو گیا تو اب صاف ہے کہ کون کس کے ساتھ ہے۔ آکاش آنند اور بہن جی ناراض ہیں۔ ہم (بی ایس پی) اپنی طاقت پر انتخاب لڑتے ہیں اور لڑیں گے۔‘‘ لکشمن سنگھ کا دعویٰ ہے کہ کسی بھی پارٹی نے آج تک دہلی لوک سبھا کی ساتوں سیٹوں میں سے ایک پر بھی مسلم امیدوار کو نہیں اتارا، لیکن اس مرتبہ بی ایس پی نے مسلم سماج کو دو ٹکٹ دیے ہیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.