International

برکس ممالک عالمی اقتصادی ترقی کی قیادت کریں گے، پیوٹن

25views

ماسکو، 19 اکتوبر(اے یوایس) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ اب مغرب نہیں بلکہ برکس ممالک عالمی اقتصادی ترقی کی قیادت کریں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں روسی صدر کا کہنا تھا کہ برکس ممالک آنے والے سالوں میں عالمی اقتصادی ترقی میں سب سے بڑا اور اہم کردار ادا کریں گے۔اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے پیوٹن کا کہنا تھا کہ اس گروپ کا حجم بہت بڑا ہے اور مغربی ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں اس کی اقتصادی ترقی کی رفتار بھی بہت تیز ہے۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو امید ہے کہ برکس گروپ جس میں مصر، ایتھوپیا، ایران اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ ساتھ برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں، کو عالمی سیاست اور تجارت میں مغرب کے مقابلے میں ایک طاقتور حریف کے طور پر تشکیل دیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق روس رواں ہفتے کے آخر میں 22 اور 24 اکتوبر کو روس کے شہر کازان میں برکس سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا جس میں برکس توانائی کے وزراء کی ملاقات کا قوی امکان ہے۔ماسکو میں برکس بزنس فورم میں سرکاری حکام اور کاروباری شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے پیوٹن کا کہنا تھا کہ ہمارا گروپ عالمی اقتصادی ترقی کا اہم محرک ہے۔ مستقبل قریب میں، برکس عالمی جی ڈی پی میں سب سے زیادہ اضافہ کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ نئی جغرافیائی سیاسی حقیقت کے تحت توانائی کے شعبے میں تعاون کے ذریعے ممالک کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہوگا تاکہ سماجی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں کردار ادا کیا جاسکے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.