اب پنچایتوں کی ہوگی ماہانہ رینکنگ، بہتر کارکردگی پر ملے گی ترجیح:ڈی سی
جدید بھارت نیوز سروس
رام گڑھ،28؍اپریل: وزیر اعلیٰ پنچایت ترغیبی ایوارڈ اسکیم کے تحت ریاستی سطح کے پروگرام میں نمایاں کارکردگی کے لیے ضلع رام گڑھ کو حاصل ہونے والے 7 ایوارڈز کے تناظر میں منگل کے روز ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ ہال میں ضلع سطحی تعریفی اسناد کی تقسیم اور اعزازی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ایم ایل اے رام گڑھ ممتا دیوی، ایم ایل اے بڑکا گاؤں روشن لال چوہدری، ایم ایل اے مانڈو نرمل مہتو، ڈپٹی کمشنر رام گڑھ ریتوراج، ضلع پریشد صدر سودھا دیوی، ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر آشیش اگروال، ضلع پریشد نائب صدر ریتا دیوی، ایم پی نمائندہ ہزاری باغ راجیو جیسوال، ضلع پریشد کے اراکین، پنچایت نمائندوں، بلاک پرمکھ، ضلع اور بلاک سطح کے افسران سمیت دیگر افراد شریک ہوئے۔سب سے پہلے مہمانوں کا پودے دے کر استقبال کیا گیا، جس کے بعد تمام شرکاء نے روایتی طور پر شمع روشن کر کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا۔پروگرام میں ایم ایل اے رام گڑھ ممتا دیوی نے سب سے پہلے ریاستی سطح پر بہترین کارکردگی پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہمیں اسی عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے موسم گرما کے پیش نظر پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کی توجہ مبذول کرائی۔ ایم ایل اے بڑکا گاؤں روشن لال چودھری نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ضلع رام گڑھ نے ملک بھر میں اپنی پہچان بنائی ہے، ہمیں مسلسل محنت کر کے اسے دوبارہ ملک میں صف اول پر لانا ہے۔ ایم ایل اے مانڈو نرمل مہتو نے ڈپٹی کمشنر سمیت پوری ضلعی انتظامیہ کی ٹیم کی ستائش کی اور مقامی مسائل کی جانب توجہ دلائی۔اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر ریتوراج نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنچایت ترغیبی ایوارڈ اسکیم ریاستی حکومت کا ایک اہم اقدام ہے۔ جس طرح اس سال ضلع رام گڑھ نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے، ہمارا مقصد ہے کہ اگلے سال یہ مزید بہتر ہو۔ اس کے لیے پنچایتی راج محکمہ کے کاموں کی ماہانہ مانیٹرنگ کی جائے گی اور پنچایتوں کی رینکنگ کی جائے گی۔ جن پنچایتوں کی رینکنگ اچھی ہوگی، انہیں منصوبوں پر عمل درآمد میں ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے 15 ویں مالیاتی کمیشن کے ذریعے ہونے والے ترقیاتی کاموں اور پانی کی فراہمی کے لیے تشکیل دی گئی ٹاسک فورس کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں۔وزیر اعلیٰ پنچایت ترغیبی ایوارڈ اسکیم کے تحت ضلع رام گڑھ کو ’بہترین ضلع پریشد‘کے زمرے میں پہلا مقام، 20 لاکھ روپے اور تعریفی سند ملی۔ ’بہترین پنچایت سمیتی‘کے زمرے میں دولمی بلاک کو 15 لاکھ روپے، ’صاف ستھری اور صحت مند پنچایت سمیتی‘کے زمرے میں گولا بلاک کو 15 لاکھ روپے، ’بہترین گرام پنچایت‘کے زمرے میں گولا کے بریاتو کو 10 لاکھ روپے، ’صاف ستھری اور صحت مند گرام پنچایت‘کے زمرے میں گولاکے کورامبے کو 10 لاکھ روپے، اور ’گرام سبھا‘کے زمرے میں پتراتو کے کنڈیر اور دولمی کے ایچاتو کو 4-4 لاکھ روپے اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔اس کے علاوہ ضلع اور بلاک سطح پر نمایاں خدمات انجام دینے والے افسران اور ملازمین بشمول ضلع پنچایتی راج افسر نشا کماری سنگھ، پروجیکٹ افسران اجیت کمار اور پھنیندر کمار گپتا سمیت متعدد پنچایت سکریٹریز اور کوآرڈینیٹرز کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔پروگرام کے دوران عوامی نمائندوں اور افسران نے اپنے تجربات شیئر کیے۔ استقبالیہ تقریر ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر آشیش اگروال نے کی، شکریہ کی تحریک پنچایتی راج افسر نشا کماری سنگھ نے پیش کی، جبکہ نظامت کے فرائض پروجیکٹ افسر پھنیندر کمار گپتا نے انجام دیے۔








Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4593334