National

’بی جے پی کا 400 پار کا دعویٰ اس کا تکبر ہے، انڈیا الائنس اکثریت حاصل کرے گی‘، سچن پائلٹ کا دعویٰ

92views

لوک سبھا انتخابات اپنے آخری مراحل میں ہے۔ کل 7 مراحل میں سے 5 مرحلے پورے ہو چکے ہیں اور اب صرف 2 مرحلے باقی ہیں۔ ان 2 مرحلوں کو اپنے حق میں ہموار کرنے کے لیے ہر سیاسی پارٹی اپنے تئیں کوششیں کر رہی ہے۔ اس کے تحت انتخابی مہم میں پوری قوت جھونکی جا رہی ہے۔ اس تناظر میں کانگریس کے قدآور لیڈر اور راجستھان کے نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے کانگریس کی جیت سے متعلق بڑا دعویٰ کیا ہے۔

نیوزچینل ’اے بی پی‘ پر نشر ہونے والے خصوصی پروگرام ’گھوشنا پتر‘ میں سچن پائلٹ نے کہا ہے کہ بی جے پی کا 400 پار کا نعرہ دراصل اس کا تکبر ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ راجستھان میں کانگریس بی جے پی سے زیادہ سیٹیں جیتے گی۔ اس کے علاوہ یوپی میں انڈیا الائنس کو اکثریت ملے گی۔ سچن پائلٹ نے ہریانہ میں 7-8 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ساتھ ہی کہا ہے کہ انڈیا الائنس تبدیلی لانا چاہتی ہے۔

کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے امیٹھی و رائے بریلی سے متعلق بھی اپنی بات رکھی۔ انہوں نے کہا کہ امیٹھی میں ہمارے امیدوار بہت اچھے فرق سے کامیاب ہوں گے، جبکہ رائے بریلی میں راہل گاندھی کو کثیر ووٹوں سے جیت ملے گی۔ راجستھان کے نائب وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ انڈیا الائنس بہار اور مہاراشٹر میں زیادہ تر سیٹیوں پر کامیاب ہوگی۔

بی جے پی کے ذریعے کانگریس پر یہ الزام لگائے جانے پر کہ اگر کانگریس اقتدار میں آئے گی تو وہ مسلمانوں کو ریزرویشن دے گی، سچن پائلٹ نے کہا کہ اس ملک کے آئین میں لکھا ہے کہ مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن نہیں ہونا چاہیے اور اس سے کوئی انکار نہیں کرتا ہے۔ لیکن اگر کوئی غریب ہے تو اس کی غربت کو مذہب کی بنیاد پر نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی جھوٹ پھیلا رہی ہے کہ کانگریس مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دے گی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.