
سری نگر،6 نومبر (یو این آئی) جموں وکشمیر اسمبلی میں اجلاس کے تیسرے دن بدھ کو دفعہ370 کی بحالی کے متعلق قرار داد منظور ہونے کے فوراً بعد بی جے پی کے تمام اراکین نے زبردست احتجاج کیا۔قرار داد پاس ہوتے ہی بی جے پی اراکین ہائوس کے ویل میں کود پڑے اور شدید نعرہ بازی کرنے لگے۔وہ ’نیشنل کانفرنس شرم کرو شرم کرو‘، ’پاکستانی ایجنڈا نہیں چلے گا نہیں چلے گا‘جیسے نعرہے لگا رہے تھے۔انہوں نے کہا: ’یہ ملک دشمن ایجنڈا ہے، ہم اس قرار داد کو مسترد کرتے ہیں‘۔بی جے پی کے ایک لیڈر نے کہا: ’دفعہ 370 کی تنسیخ حتمی ہے اور اس کے متعلق جو کچھ کیا جا رہا ہے وہ سیاسی چالبازی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے‘۔ان کا الزام تھا: ’شیخ عبداللہ سے لے کر عمر عبداللہ تک جموں وکشمیر کے لوگوں کی جذباتی بلیک میلنگ نیشنل کانفرنس کا معمول رہی ہے‘۔بی جے پی کے لیڈر ویل میں ’جہاں ہوا بلیدان مکھرجی وہ کشمیر ہمارا ہے‘، ’دیش دروہی ایجنڈا نہیں چلے گا نہیں چلے گا‘، ’بھارت ماتا کی جے‘، ’جے شری رام‘ کے نعرے بلند کرتے رہے۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر اسمبلی کے تیسرے دن وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے دفعہ 370 کی بحالی کی قرارداد پیش کی جس کو اسمبلی میں اکثریتی ووٹوں سے منظور کیا گیا۔
