دانش گاہ اسلامیہ اسکول میں شبلی لائبریری کا افتتاح ہوا
آسنسول، 18اکتوبر (راست) معمار قوم و مصلح قوم سر سید احمد خان کی یوم پیدائش کے موقع پرآسنسول کے مختلف علاقوں میں جشن منایا گیا ۔ جنوبی آسنسول کے معروف ادارہ دانش گاہ اسلامیہ اسکول میں سہ روزہ تقریبات کے تحت طلبہ کے مختلف ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا اور 17 اکتوبر کو شبلی لائبریری کا افتتاح کیا گیا۔ اسنسول کے رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر قانون ملئے گھٹک کے ذریعہ فراہم کرائے گئے تین لاکھ روپے کی رقم سے اس لائبریری کا قیام کیا گیا ہے جس میں اسکول کی درسی اور نصاب کی کتابوں کے علاوہ مختلف مقابلہ جاتی امتحانوں کے لیے کتابیں فراہم کرائی گئی ہیں اس لائبریری کا افتتاح میونسپل کارپوریشن کے دو ڈپٹی میئر وسیم الحق اور ابھجیت گھٹک کے ہاتھوں کیا گیا۔ اس موقع پر مقامی وارڈ کونسلر گروداس چٹرجی بورو کمیٹی چیئرمین ایڈوکیٹ راجیش تیواری معروف علمی شخصیت وجیہ الدین جمال معروف سماجی علمی شخصیت محمد کمال کے علاوہ متعدد شخصیتوں نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت اسکول کے بانی رکن ایوب رضوی نے فرمائی اسکول کے سیکرٹری محمد مسرور نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے بلدیاتی انتظامیہ کے ذمہ داروں کی توجہ مبذول کرائی کہ اسکول کی جانب آنے والا راستہ نہایت ہی مخدوش ہے اس کی مرمت کی جائے لائبریری کے افتتاح کے بعد بورو کمیٹی چیئر پرسن راجیش تیواری ایڈوکیٹ نے یقین دہانی کرائی کہ عنقریب راستے کی تعمیر نو کی جائے گی۔ اس موقع پر اسکول کے ہونہار طلبہ کی جانب سے موک پارلیمنٹ کا بھی ایک ڈرامائی انداز پیش کیا گیا جس میں ارباب اقتدار اور حزب اختلاف کے بحث پر مشتمل مناظر کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وجیہ الدین جمال نے مشورہ دیا کہ چونکہ ریاستی حکومت کی جانب سے مختلف مقابلہ جاتیں امتحانات میں بنگلہ زبان کی لازمیت کی گئی ہے اس لیے اسکول کے ذمہ داروں سے درخواست ہے کہ طلبہ کے لیے ابتدائی درجات سے لے کر مادھیامک سطح تک بنگلہ زبان کو لازمی مضمون کی حیثیت سے طلبہ کو تعلیم دیں تاکہ ریاست میں ان کا مستقبل تابناک ہو سکے ریاستی اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام چلنے والے ریاستی اردو بنگلہ کلاس کی ڈپٹی میئر وسیم الحق نے تعریف کی ۔ ابھیجیت گھٹک نے اسکول کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔