اسکیموں کی پیشرفت اور مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لیا
پٹنہ، 12 مئی: محکمہ سماجی بہبود کی وزیر ڈاکٹر شویتا گپتا کی صدارت میں آج آئی سی ڈی ایس ڈائریکٹوریٹ کا ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران آئی سی ڈی ایس ڈائریکٹوریٹ کی مختلف اسکیموں، پروگراموں کی پیشرفت، آنگن واڑی خدمات کی صورتحال اور مانیٹرنگ کے نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں محکمہ سماجی بہبود کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ایچ آر سری نواس اور ڈائریکٹر (ICDS) نے محکمانہ اسکیموں کے نفاذ، کامیابیوں اور موجودہ صورتحال کے بارے میں وزیر موصوفہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس جائزہ اجلاس میں آئی سی ڈی ایس کے تمام متعلقہ افسران موجود تھے۔اجلاس کے دوران وزیر موصوفہ نے ہدایت دی کہ کرائے کی عمارتوں میں چلنے والے آنگن واڑی مراکز کو مرحلہ وار طریقے سے سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنے کے لیے ایک ورک پلان تیار کیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی اگلے ایک سال کے لیے واضح اہداف مقرر کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔ڈاکٹر شویتا گپتا نے آئی سی ڈی ایس کے لیے ایک مخصوص ٹول فری نمبر جاری کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مستفید ہونے والوں اور عام لوگوں کی شکایات اور تجاویز کا فوری حل یقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے محکمے میں خالی اسامیوں کی صورتحال کا جائزہ لے کر ضروری کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی۔اجلاس میں وزیر موصوفہ نے آنگن واڑی مراکز کی باقاعدہ مانیٹرنگ کے طریقہ کار کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر اور جوابدہ بنانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اسکیموں کا فائدہ مقررہ وقت کے اندر حقداروں تک پہنچنا چاہیے اور خدمات کے معیار میں مسلسل بہتری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ وہ زمینی سطح پر اسکیموں کے موثر نفاذ کے لیے مربوط اور حساس نقطہ نظر اپنائیں۔
