ٹریفک پلان نافذ، کئی راستوں پر آمدورفت رہے گی پابندی
پٹنہ، 19 نومبر (یو این آئی) بہار کی راجدھانی پٹنہ کے گاندھی میدان میں جمعرات کو ہونے والی وزیراعلیٰ کی حلف برداری تقریب کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے وسیع ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔ بھیڑ اور سکیورٹی کو دیکھتے ہوئے جمعرات کو صبح 8 بجے سے دوپہر 3 بجے تک کئی اہم راستوں پر عام گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی رہے گی۔ صرف فائر بریگیڈ، ایمبولینس، مریضوں کی نقل و حمل اور جنازہ لے جانے والی گاڑیوں کو اجازت دے جائے گی۔گاندھی میدان کو تقریب کے لیے مکمل طور پر محفوظ علاقہ قرار دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے بھٹّاچاریہ چوک سے شمال کی جانب گاندھی میدان کی طرف گاڑیوں کی آمدورفت بند رہے گی۔ ڈاک بنگلہ چوراہے سے آنے والی گاڑیاں نیو ڈاک بنگلہ اور بھٹّاچاریہ موڑ کے راستے راجیندر پاتھ کی طرف موڑ دی جائیں گی۔ نیو ڈاک بنگلہ سے ایس پی ورما روڈ میں داخلہ مکمل طور پر ممنوع ہوگا۔ پولیس لائن تراہا، رام غلام چوک، جے پی گولمبَر اور چلڈرن پارک کے آس پاس بھی گاڑیوں کی نقل و حرکت روک دی گئی ہے۔گاندھی میدان کے اندر اور باہر ہر قسم کی گاڑی، ٹھیلہ، خوانچہ اور پارکنگ پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔انتظامیہ نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورت میں جے پی گولمبر سے چلڈرن پارک کے درمیان کا راستہ مکمل طور پر محفوظ رکھا گیا ہے۔ اسی راستے سے تارا اسپتال، پی ایم سی ایچ اور دیگر قریبی اسپتالوں تک ایمبولینس آسانی سے پہنچ سکے گی۔پارکنگ اور سڑک کے استعمال کے لیے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس کے تحت جے پی گولمبَر سے ڈاک بنگلہ چوک تک اور ڈاک بنگلہ چوک سے پٹنہ جنکشن گولمبَر تک سڑک کے کنارے کسی بھی طرح کی پارکنگ ممنوع رہے گی۔ بدھ مارگ، چھجّو باغ ٹی این بنرجی پاتھ، ایگزیبیشن روڈ، ضلع مجسٹریٹ کی رہائش گاہ سے پولیس لائن تراہا اور ٹھاکر باڑی/ باکرگنج موڑ سے گاندھی میدان تک تمام مقامات پر پارکنگ پر پابندی ہوگی۔ تقریب میں آنے والی بسوں کی پارکنگ جے پی گنگا پتھ پر کمشنر آفس گولمبَر سے کنگن گھاٹ کی طرف مقرر کی گئی ہے۔ایئرپورٹ جانے والوں سے ضلع انتظامیہ نے درخواست کی ہے کہ وہ راجہ بازار – دمرا چوکی، ٹمٹم پڑاو – آموکوڑا موڑ، پھلواری – کھگول روڈ یا انیس آباد روڈ جیسے متبادل راستوں کا استعمال کریں۔سست رفتار گاڑیوں کو بیلی روڈ سے گاندھی میدان کی طرف آنے پر آئیکر گولمبَر سے ویر چند پٹیل پاتھ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔پٹنہ ضلع انتظامیہ نے اسپتالوں کے لیے بھی راستے مقرر کیے ہیں اور ایمرجنسی خدمات کو آسان بنانے کے لیے مخصوص اسپتال روٹ طے کیے گئے ہیں۔
اس کے تحت پی ایم سی ایچ جانے کے لیے گاندھی میدان کے گیٹ نمبر 5 سے چلڈرن پارک، کمشنر آفس موڑ کے راستے جے پی گنگا پاتھ سے جانا ہوگا۔ تارا اسپتال جانے کے لیے گیٹ نمبر 4 سے چلڈرن پارک، ایس بی آئی کے سامنے، بسکو مان موڑ کے راستے بینک روڈ تک جانے کا انتظام کیا گیا ہے۔اسی طرح روبن اسپتال جانے کے لیے گیٹ نمبر 10، رام غلام چوک کے راستے ایگزیبیشن روڈ استعمال کرنا ہوگا اور این ایم سی ایچ جانے کے لیے بھی گیٹ نمبر 10، رام غلام چوک سے ایگزیبیشن روڈ کے راستے جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔گاندھی میدان کے ہر بڑے گیٹ پر میڈیکل ٹیم، ادویات اور ایمبولینس کی خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ تارا اسپتال اور روبن اسپتال کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔داخلے کے انتظامات کے تحت عام عوام کا داخلہ گیٹ نمبر 05، 06، 07، 08، 09 اور 10 سے ہوگا۔ پاس رکھنے والے وی آئی پیز بدھ مارگ ہوتے ہوئے کمشنر آفس کے سامنے سے گیٹ نمبر 04 کے ذریعے تقریب کے مقام تک جا سکتے ہیں۔انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری بھیڑ نہ لگائیں اور ٹریفک نظام میں تعاون کریں تاکہ پروگرام کو محفوظ اور خوش اسلوبی سے مکمل کرایا جا سکے۔



