ریاست بہار کے لوگوں کے لیے امن و خوشحالی کی دعا کی
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 30 ستمبر (یو این آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے نوراتری کی مہا اشٹمی کے پرمسرت موقع پر ریاستی دارالحکومت پٹنہ کے بڑے شکتی پیٹھوں کا دورہ کیا اورماں درگا کی پوجا کی۔ منگل کو وزیر اعلیٰ سب سے پہلے اگم کنواںمیں شیتلا ماتا مندر گئے، جہاں انہوں نے ماں شیتلا کی عقیدت کے ساتھ پوجا کی۔اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے پٹنہ سیٹی واقع بڑی پٹن دیوی اور چھوٹی پٹن دیوی مندروں کا دورہ کیا اور پوجا کی۔ ان تاریخی اور مقدس مندروں میں، وزیر اعلیٰ کو ویدک رسومات کے مطابق پوجا کرائی گئی، اس کے ساتھ پجاریوں کے منتروں کے جاپ بھی ہوئے۔ تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے ماں شیتلا، بڑی پٹن دیوی اور چھوٹی پٹن دیوی سے ریاست کی امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے معروف گنج واقع شری شری بڑی دیوی جی اور شری شری دلہٹا دیوی جی کے مندروں کا بھی دورہ کیا اورماں بھگوتی درگا کی پوجا کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو مارواڑی سیوا سمیتی، معروف گنج کی طرف سے انہیں چادر، پگڑی اور یادگاری تحفہ پیش کر کے اعزاز سے نوازا گیا۔پوجا کے دوران کئی سینئر افسران اور معززین وزیر اعلیٰ کے ساتھ تھے۔ ان میں وزیراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، سکریٹری انوپم کمار اور کمار روی، اسپیشل آفیسر گوپال سنگھ، پٹنہ ڈویژن کے کمشنر ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ، پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگراجن ایس ایم، اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کارتکیہ کے شرما شامل تھے۔ پوجا میں منتظمین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔



