کہا: پچتاوا کے لیے 20 نومبر کو ایک روزہ خاموش بھوک ہڑتال رکھی جائے گی
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 18 نومبر:جَن سوراج پارٹی کے مینٹر پرشانت کشور نے منگل کو پٹنہ کے پاٹلی پترا کیمپ دفتر میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے بہار اسمبلی انتخابات میں جَن سوراج پارٹی کو ملی ناکامی کی پوری ذمہ داری قبول کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ نظام میں تبدیلی نہیں لا سکے، ہماری سوچ میں کچھ نہ کچھ غلطی ہوئی ہوگی۔ اس کی ذمہ داری میری ہے اور میں اسے تسلیم کرتا ہوں۔انہوں نے جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ وقت خوداحتسابی کا ہے۔ جن لوگوں کی امیدوں پر پورا نہیں اتر سکے، ان سے معافی چاہتے ہیں۔ اور اعلان کیا کہ 20 نومبر کو بھتِہِروا آشرم میں ایک دن کی اجتماعی بھوک ہڑتال رکھی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ووٹ نہیں ملا، لیکن ووٹ نہ ملنا کوئی گناہ نہیں۔ ہم نے کوئی گناہ نہیں کیا ہے۔بہار میں جہاں سیاست ہمیشہ ذات اور مذہب کے اردگرد گھومتی ہے، وہاں جَن سوراج نے مسائل کی سیاست کی۔ جو لوگ اس بار بھی اسی بنیاد پر جیتے ہیں، اب انہیں عوام کو حساب دینا ہوگا۔سیاست چھوڑنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر پی کے نے کہا کہ مہابھارت میں پانڈوؤں کے ساتھ بھگوان تھے، پھر بھی ابھیمنیو کو گھیر کر مار دیا گیا۔ لیکن آخر کار جیت پانڈوؤں کی ہی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ میں بہار چھوڑنے والا نہیں ہوں، تین سال میں جتنی محنت کی ہے اب اس سے دگنی محنت کریں گے، پیچھے ہٹنے کا سوال ہی نہیں۔اس دوران انہوں نے ریاستی حکومت پر شدید تنقید کی۔ کہا کہ بہار ہی نہیں، ملک کی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے عوام کے لیے تقریباً 40 ہزار کروڑ روپے خرچ کرنے کا بڑا وعدہ کیا۔ہر اسمبلی حلقے میں 60–62 ہزار خواتین کو خود روزگار کے لیے 10–10 ہزار روپے دیے گئے۔ پورا سرکاری نظام لگا دیا گیا اور بتایا گیا کہ حکومت واپس آئی تو 2 لاکھ روپے مزید دیے جائیں گے۔انہوں نے الزام لگایا کہ 29 ہزار کروڑ روپے جیویکا دیدیوں، آشا-ممتا کارکنوں کے ذریعے تقسیم کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اگر واقعی ووٹ نہیں خرید رہی تھی تو اگلے چھ ماہ میں ڈیڑھ کروڑ خواتین کو 2–2 لاکھ روپے لازماً دے۔ورنہ یہ ثابت ہو جائے گا کہ یہ رقم ووٹ خریدنے کے لیے دی گئی تھی۔پی کے نے کہا کہ امید ہے کہ حکومت چھ ماہ میں پیسہ دے گی، ورنہ ہم یہ نمبر جاری کر رہے ہیں: 9121691216 جنہیں 2 لاکھ روپے نہ ملیں، وہ کال کریں، ہم ان کے ساتھ سرکاری دفاتر تک جائیں گے اور ان کی لڑائی لڑیں گے۔پریس کانفرنس میں جَن سوراج پارٹی کے صوبائی صدر منوج بھارتی، سینئر رہنما و کُمھرار سے امیدوار پروفیسر کے سی سنہا، سینئر وکیل اور مانجھی سے امیدوار وائی وی گری، ایم ایل سی آفاق عالم، صوبائی جنرل سیکریٹری کیشور کمار، سینئر رہنما سبھاش سنگھ کشواہا , رامبلی سنگھ چندرونشی , وِنیتا مشرا اور صوبائی میڈیا انچارج عبید الرحمن سمیت کئی رہنما موجود تھے۔



