بہار کرشی ایپ کو مزید فعال اور کسان دوست بنانے پر زور
پٹنہ، 15 مئی: وزیر زراعت وجے سنہا کی صدارت میں آج زرعی بھون، پٹنہ میں ‘بہار کرشی ایپ ‘ کے حوالے سے ایک جامع جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں کسانوں کے درمیان ایپ کی تشہیر، تربیت، مانیٹرنگ اور کسانوں کی شرکت کو مضبوط بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے لیے گئے۔ وزیر زراعت نے حکام کو ہدایت دی کہ دیہی سطح پر ڈیجیٹل خواندگی بڑھانے کے لیے پنچایت، بلاک اور ضلع کی سطح پر نوجوان کسانوں کے لیے تربیتی کیمپ لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تربیت یافتہ نوجوانوں کو ‘بہاری ڈیجیٹل کرشی یودھا ‘ کے طور پر شناخت دی جائے گی، جو دیگر کسانوں کو ایپ کے استعمال کی ترغیب دیں گے، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کو محکمہ کی جانب سے انعام سے نوازا جائے گا۔وجے سنہا نے کسانوں کی سہولت کے لیے ایک بڑے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ ایپ ہندی اور انگریزی کے ساتھ ساتھ بہار کی مقامی زبانوں یعنی مگہی، بھوجپوری، انگیکا اور بجیکا میں بھی دستیاب ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کی سب سے زیادہ رجسٹریشن یقینی بنانے والے سرفہرست پانچ اضلاع، بلاکس اور پنچایتوں کو اعزاز دیا جائے گا اور بہتر کام کرنے والے محکمانہ اہلکاروں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اس ایپ کی وسیع تشہیر کے لیے ریاست کے تمام زرعی دفاتر میں ہورڈنگز، بینرز اور پوسٹرز لگائے جائیں گے اور بامتی کے ذریعے منعقد ہونے والے تمام تربیتی سیشنوں میں کسانوں کو ایپ کی تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں گی۔ وزیر زراعت نے بتایا کہ ایپ میں اصطلاحات کو مزید سادہ اور قابل فہم بنایا جا رہا ہے، جس کے تحت اب ‘گرما فصل ‘ کے بجائے ‘موسم گرما کی فصل ‘ (گریشم کالین فصل) کی اصطلاح استعمال ہوگی، جبکہ ربیع اور خریف کی فصلوں سے متعلق معلومات بھی شامل کی جائیں گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس ایپ کا آغاز 19 مئی 2025 کو اس وقت کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ کیا گیا تھا، جس پر اب تک تقریباً ساڑھے گیارہ لاکھ کسان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور اس سال کے آخر تک 80 لاکھ کسانوں کو رجسٹر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے کسانوں کو کھاد کی دستیابی کی لائیو معلومات، سرکاری اسکیموں کے لیے سنگل ونڈو انٹرفیس، کسان پاس بک، منڈی کی قیمتیں، موسم کی وارننگ اور مٹی کی صحت سے متعلق مشورے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ میٹنگ کے اختتام پر وزیر موصوف نے پنچایت سطح پر تربیتی مہم چلانے اور ہیڈ کوارٹر کے افسران کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت دی تاکہ ریاست کا ہر کسان ڈیجیٹل انقلاب کا حصہ بن سکے۔ اس موقع پر محکمہ زراعت کے سینئر افسران نرمدیشور لال، بیریندر پرساد یادو، سوربھ سمن یادو اور ابھیشیک کمار سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔
