ایشان کشن بہار کے بچوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں: سمراٹ چودھری
پٹنہ، 15 مئی : بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے آج وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں واقع اپنے دفتر میں آئی سی سی مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم کے رکن اور بہار کا نام روشن کرنے والے ممتاز کرکٹر ایشان کشن کو خصوصی طور پر اعزاز سے نوازا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ایشان کشن کو ایک کروڑ روپے کا چیک، یادگاری نشان اور روایتی لباس (انگ وستر) پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے ایشان کشن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کی تاریخی فتح میں بہار کے سپوت ایشان کشن نے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے جو کہ پوری ریاست کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایشان کشن مستقبل میں بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے ریکارڈ قائم کریں اور ملک کا نام روشن کرتے رہیں۔ انہوں نے ایشان کشن کو بہار کے بچوں کے لیے ایک مشعلِ راہ قرار دیا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعا کی۔ اس باوقار تقریب میں وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری دیپک کمار، چیف سیکریٹری پرتیہ امرت، محکمہ کھیل کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈاکٹر بی راجندر، وزیر اعلیٰ کے اسپیشل ڈیوٹی آفیسر ڈاکٹر گوپال سنگھ، سیکریٹری سنجے کمار سنگھ اور بہار اسٹیٹ اسپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل رویندرن شنکرن سمیت دیگر سینئرحکام اور ایشان کشن کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔
