پٹنہ، 30 اکتوبر (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر امت شاہ نے جمعرات کے روز کہا کہ "ایک بھارت شریشٹھ بھارت" مشن کے تحت 31 اکتوبر کو مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں جینتی کے موقع پر ایکتا نگر، گجرات میں شاندار پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں وزیر اعظم نریندر مودی شرکت کریں گے۔مسٹر امیت شاہ نے آج پٹنہ میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ سردار پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر گجرات کے ایکتا نگر کی کیواڈیا کالونی میں منعقد ہونے والی پریڈ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکار شامل ہوں گے اور متعدد ریاستوں کے پولیس اہلکار بھی شامل ہوں گے اور مختلف ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں اور پولس اہلکاروں کو اعزاز سے بھی نوازا جائے گا۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کے اتحاد اور جدید ہندوستان کی تشکیل میں سردار پٹیل کا اہم کردار تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے ہر سال 31 اکتوبر کو وزیر اعظم کیواڈیا کا دورہ کرتے ہیں اور سردار پٹیل کے مجسمہ کے سامنے پریڈ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ تاہم ان کے 150ویں یوم پیدائش پر تقریب کو خصوصی نوعیت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال وزارت داخلہ نے فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں ہر سال 31 اکتوبر کو سردار پٹیل کے یوم پیدائش پر شاندار پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پریڈ کے دوران سکیورٹی فورسز اور ریاستی پولیس فورس اپنی مہارت، نظم و ضبط اور بہادری کا مظاہرہ کریں گے۔مسٹر امیت شاہ نے مزید کہا، "اس سال، 'رن فار یونٹی، کو بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملک بھر کی تمام ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں، اضلاع، تھانوں، اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں رن فار یونٹی کا انعقاد کیا جائے گا۔"
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا، “یکم سے 15 نومبر تک ‘بھارت پرب، کے دوران مختلف ریاستوں کی نمائندگی کرنے والے ثقافتی پروگرام اور مختلف فوڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ تہوار 15 نومبر کو برسا منڈا جینتی کے موقع پر خصوصی پروگراموں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گا۔



