International

صدر ایردوان اور اطالوی وزیر اعظم کے درمیان

85views

اسرائیلی جارحیت کے برخلاف مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال

انقرہ، 23 اکتوبر (یو این آئی) ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ایوان صدر کے سوشل میڈیا پیج پر جاری بیان کے مطابق اس بات چیت میں ترکیہ اور اٹلی کے باہمی تعلقات، خطے میں اسرائیل کے حملوں اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر ایردوان نے اس دوران کہا کہ ترکیہ اور اٹلی کے تعلقات ہر گزرتے دن مزید پیش قدمی کر رہے ہیں اور کئی شعبوں بالخصوص دفاعی صنعت میں پُرعزم اقدامات کے ساتھ دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔صدر ایردوان نے کہا کہ اسرائیل نے تمام انتباہات کو نظر انداز کر کے مشرق وسطیٰ میں آگ کے دائرے کو وسعت دی ہے، عالمی برادری کیلئے ضروری ہے کہ یہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے مل کر کام کرے۔ انہوں نے بتایا کہ اٹلی کی حمایت سے ترکیہ کے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کیلئے اقوام متحدہ میں اٹھائے گئے اقدام کو تقویت ملے گی۔صدر ایردوان نے کہا کہ لبنان اور اقوام متحدہ کے مشنز کے ساتھ ساتھ غزہ سمیت فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کے حملے ناقابل قبول ہیں، اسرائیل کی جارحیت پر اٹلی کے ردعمل کی ترکیہ نے پذیرائی کی ہے ، ترکیہ خطے میں قیام ِامن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔اس رابطے کے حوالے سے اطالوی وزارت عظمی نے بھی ایک تحریری بیان جاری کیا۔بیان میں کہا گیا ہےکہ “دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کا حوالہ دیتے ہوئے باہمی تجارت کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس تناظر میں وزیر اعظم میلونی نے صدر ایردوان کو 2025 کے پہلی ششماہی میں اٹلی-ترکیہ بین الاحکومتی سمٹ کی نئی نشست کیلئے اپنے ملک آنے کی دعوت دی ۔ترکیہ اور اٹلی کے درمیان تیسرا اور آخری بین الاحکومتی سربراہی اجلاس صدر ایردوان کی میزبانی میں 5 جولائی 2022 کو دارالحکومت انقرہ میں منعقد ہوا تھا۔ مذکورہ سربراہی اجلاس میں صدر ایردوان اور اس وقت کے اطالوی وزیر اعظم ماریودرگہی کی سرپرستی میں دونوں ممالک کے درمیان 9 معاہدے طے پائے تھے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.