لبنان میں شہید ہونے والوں میں 18 پیرامیڈکس اور امدادی کارکن شامل
تل ابیب 15 نومبر (ایجنسی) غزہ اور لبنان پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 42 افراد شہید ہوگئے۔لبنان کی وزارت صحت کے مطابق نباتیہ میں شہری دفاع کے مرکز پر اسرائیلی حملے میں چار پیرامیڈکس سمیت چھ افراد شہید ہوئے جبکہ بعلبیک شہر کے قریب ایک اور شہری دفاع کے مرکز پر ہونے والے دوسرے حملے میں 12 امدادی کارکن مارے گئے۔دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید 24 فلسطینی شہید اور 112 زخمی ہوئے ہیں۔غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کے نتیجے میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک 43 ہزار 736 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے لبنان میں اسرائیلی حملوں میں 3 ہزار 386 افراد شہید اور 14 ہزار 417 زخمی ہو چکے ہیں۔
دمشق کے رہائشی علاقے پر حملے میں 15 افراد شہید
شامی سرکاری میڈیا کے مطابق جمعرات کو دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقوں قدسیہ اور مزہ میں اسرائیلی حملوں میں کئی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں 15 افراد شہید اور 16 زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی آرمی ریڈیو کے مطابق دمشق میں ہونے والے حملے کا ہدف فلسطینی عسکریت پسند گروپ اسلامی جہاد کا ہیڈکوارٹر تھا۔واضح رہے کہ اسرائیل برسوں سے شام میں ایران سے منسلک اہداف پر حملے کر رہا ہے لیکن گزشتہ سال 7 اکتوبر کو اسرائیل حماس جنگ شروع ہونے کے بعد سے اس طرح کے حملوں میں تیزی آئی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق شام کے علاقہ مزہ کو ماضی میں حزب اللہ، پاسداران انقلاب، حماس اور اسلامی جہاد سمیت فلسطینی دھڑوں کے رہنماؤں کی رہائش کیلئے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ اسرائیلی محاذ پر کشیدگی جاری ہے۔ جمعہ کو بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر نئے اسرائیلی حملے کیے گئے۔ اسرائیلی حملے سے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں ایک عمارت منہدم ہوگئی۔ ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ ایک پراجیکٹائل عمارت کی نچلی منزل سے ٹکریا اور آگ بھڑک اٹھی۔ پھر عمارت دھویں کے بادل میں گر گئی۔سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی طیاروں کی طرف سے لبنانی دارالحکومت کے سب سے بڑے پارک الطیونہ کے قریب الغبیری کو نشانہ بناتے ہوئے ایک پرتشدد حملہ کیا گیا۔ اس تناظر میں العربیہ اور الحدث کے نامہ نگار نے شمالی اسرائیل میں حیفا اور خلیج عکا کی طرف میزائل حملے کا حوالہ دیتے ہوئے تصدیق کی اور کہا کہ ایک میزائل براہ راست شمالی اسرائیل میں الکریوت میں ایک عمارت سے ٹکرا گیا۔اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ میزائل گرنے کے ساتھ ہی الکریوت میں سائرن بجتے رہے۔ اس کے علاوہ حیفا بندرگاہ کے آسمان میں میزائلوں کو روکا گیا۔ حیفا کے مضافات میں ایک عمارت پر براہ راست راکٹ ٹکرانے کے نتیجے میں ایک شخص معمولی زخمی ہوا ہے۔ حیفا اور اس کے مضافات پر آخری میزائل حملے میں 5 میزائل داغے گئے۔اس سے قبل جمعہ کی صبح اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے پر حملے کیے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرائی نے نقشوں کے ساتھ لوگوں کو انخلا کا انتباہ جاری کیا۔ ان کی طرف سے شہریوں کو الغبیری کے علاقے کو فوری طور پر خالی کرنے کا کہا گیا۔ منسلک نقشوں میں البستان ہائی سکول کے قریب ایک علاقے میں عمارتوں کی نشاندہی کی گئی۔جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج نے تین اہم محوروں کے ذریعے لبنان میں گہرائی تک گھسنے کی سب سے بڑی کوشش شروع کی۔ ایک کوشش میں وہ شام کے قصبے کے مضافات تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی، جس سے صور کے سٹریٹیجک شہر کا نظارہ ہوتا ہے۔ مغربی محور میں سرحد سے تقریباً 4 کلومیٹر کے فاصلے پر اسرائیلی فوج کا حزب اللہ کے ارکان کے ساتھ تصادم ہوا۔دوسری جانب حزب اللہ نے حیفا کے علاقے کو بھاری میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ عکا شہر کے شمال میں شراغا بیس (گولانی بریگیڈ کمانڈ کا انتظامی ہیڈکوارٹر) کو بھی میزائل لانچر سے نشانہ بنایا۔ جنوبی مضافاتی علاقے پر بار بار اسرائیلی حملوں کی وجہ سے شہریوں کی نقل مکانی کی لہر شروع ہو گئی۔ کچھ شہری اپنے گھروں اور کاروباروں کا معائنہ کرنے کے لیے دن کے وقت علاقے میں واپس آتے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جمعرات کو اطلاع دی ہے کہ اس نے 48 گھنٹوں کے دوران جنوبی مضافاتی علاقے میں تقریباً 30 اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔