11
کانکہ نارہ 02 فروری (راست):کانکی نارہ کا رجسٹرڈ ادارہ "آسرا ٹریننِگ اکیڈمی" کا سالانہ تقسیمِ انعامات و مشاعرہ بھاٹ پاڑہ میونسپلٹی کے صد سالہ پریم چند بھون میں مورخہ 30/ جنوری 2025 کی شام 5 بجے تا رات نو بجے کامیابی سے انعقاد پذیر ہوا۔ قومی گیت سے تقریبات کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد سامعین سے کچھا کچھ بھرے ہال میں بھاٹ میونسپلٹی کے دو سی آئی سی حضرات کی موجودگی میں آسرا ٹریننگ اکیڈمی اور علاقائی اسکولوں کے طالب علموں کے درمیان کمپیوٹر ایپلی کیشن و جنرل نالج پر مبنی کوئیز ہوا۔ کوئز مکمل ہونے کے بعد انجمن ترقی اردو ہند شاخ جگتدل و کانکی نارہ کے صدر محترم عظیم انصاری (سابق افسر ، حکومت ہند) کی صدارت میں مہمانان کی تقریریں ہوئیں اور پھر اس کے بعد ایک مشاعرہ بھی کامیابی سے ہم کنار ہوا۔ مکمل تقریبات کی نظامت کا فریضہ احسن طریقے سے ناظمِ بے مثال خواجہ احمد حسین نے انجام دیا۔ بھاٹ پاڑہ میونسپلٹی کے سی آئی سی شری امیت گپتا اور سی آئی سی جناب نور جمال ، حاجی عاطف جلیس ، حاجی عبدالودود انصاری ، سعادت علی بیگ (سابق ہیڈ ماسٹر ، سی ایم او ہائی اسکول) نے اچھی گفتگو کیں مزید بشمول گارجین طالب علموں کے لیے حوصلہ افزا باتیں بھی کیں۔ ڈاکٹر خورشید اقبال نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس .A.I پر جامع گفتگو کی۔ تالیوں کی گڑگڑاہٹ کے درمیان ڈرائنگ کمپیٹیشن کے تین ٹاپ امیدواروں کو وارڈ کاؤنسلر نور جمال اور امیت گپتا کے ہاتھوں پرائز دیا گیا۔ اس کے بعد باقاعدہ مشاعرے کا آغاز خطاب عالم شاذ کے کلام سے ہوا۔ جناب سمیع الفت ، میم عین لاڈلہ ، علی شاہد دلکش ، ڈاکٹر خورشید اقبال اور خواجہ احمد حسین مومن نے اپنے کلام کی کشش سے ہال میں موجود حاضرین کو ان کی کرسیوں پر کھینچے رکھا۔ اسٹیج پر براجمان مہمانان کے ساتھ سامعین میں بیٹھے معزز مہمانان کے ہاتھوں آسرا ٹریننگ اکیڈمی کے سالانہ امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے سبھی اسٹوڈنٹس ، ڈیبیٹ مقابلے میں اور کوئز کمپیٹیشن میں دس دس بہترین امیدواروں کو متفرق انعامات (گولڈ میڈل ، سِلور میڈل اور سرٹیفیکیٹ) دیئے گئے۔ اسٹوڈنٹس سمیت گارجین اور علم دوست لوگوں کے مجمعے میں معزز حضرات میں حاجی شمیم جہانگیری ، عبد الغفار ، ماسٹر محمد ممتاز، شمشیر علی شعلہ ، حکیم محمد مختار ، سماجی کارکن محمد نظام الدین، مھم عین لاڈلہ ، محمد شمشاد ، محمد صغیر ، احتشام جاوید ، محمد فرحان اور بسواجیت پاسوان ، سوم ناتھ داس اور بھیا جی پاسوان رہے۔