حوثی ملیشیا نے یمن سے اسرائیل کی سمت دو بیلسٹک میزائل داغے
تل ابیب، ،یکم جنوری ( یواین آئی) اسرائیل اور حوثی ملیشیا کے درمیان جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔ العربیہ کے مطابق حوثی ملیشیا نے یمن سے اسرائیل کی سمت دو بیلسٹک میزائل داغے۔اس کے نتیجے میں وسطی اسرائیل میں وسیع علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ اسرائیل پر داغے جانے والے میزائلوں کا ملبہ حاریش اور بیت شیمش کے علاقوں میں گرا۔اس سے قبل امریکی اور برطانوی فضائیہ کے طیاروں نے یمن کے صوبے الحدیدہ میں کئی ٹھکانوں پر بم باری کی۔ العربیہ نیوز کے نمائندے کے مطابق حملوں میں الحدیدہ صوبے کے جنوب میں واقع گورنری التحیتا میں ان مقامات کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے حوثی ملیشیا نے بیلسٹک میزائل داغے تھے۔ادھر روس نے اسرائیل اور بین الاقوامی اتحاد کی جانب سے یمن میں فضائی حملوں پر تنقید کی ہے۔ اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب واسیلی نیبنزیا کا کہنا ہے کہ امریکا کے زیر قیادت فوجی کارروائیاں دانستہ جارحیت شمار ہوتی ہے۔ سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران میں مندوب کا مزید کہنا تھا کہ اس روش کے نتیجے میں یمنی شہریوں کا جانی نقصان ہوا اور بڑی تباہی پھیلی۔دوسری جانب سلامتی کونسل میں امریکی خاتون نمائندہ نے حوثی ملیشیا پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا یہ رویہ چھوڑ دے جس نے خطے میں استحکام پر کاری ضرب لگائی ہے۔ ادھر اقوام متحدہ میں اسرائیل کے مستقل مندوب ڈینی ڈینن نے دھمکی دی ہے کہ اگر حوثیوں نے اسرائیل کی سلامتی کو ضرر پہنچانے کی کوشش کی تو انھیں ختم کر دیا جائے گا۔ مندوب نے حوثیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ حماس، حزب اللہ اور بشار الاسد کا انجام یاد رکھیں۔اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے معاون برائے مشرق وسطیٰ خالد الخیاری نے اسرائیل، یمن اور بحیرہ احمر میں بار بار ہونے والے حملوں کی مذمت کی ہے۔ الخیاری نے متحارب فریقوں کے بیچ اس جارحیت کو استحکام بگاڑنے کا سبب قرار دیا۔ امریکی فوج نے یمن میں حملوں کے دوران حوثیوں کے اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ مرکزی کمان نے یہ اطلاع دی۔امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے کہا ہے کہ صنعاء میں حوثی اہداف کے خلاف حملے کیے ہیں۔ ان حملوں میں حوثی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔پینٹاگان نے ایک بیان میں کہا کہ “ہم نے حوثیوں سے تعلق رکھنے والے ہتھیاروں اور میزائلوں کی تیاری اورذخیرہ کرنے کی تنصیبات کو نشانہ بنایا، اور ایک ساحلی ریڈار سائٹ کو تباہ کر دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم نے حوثیوں کی جانب سے حملوں کیلئے استعمال ہونے والی تنصیبات کو بھی تباہ کر دیا۔پینٹاگون نے مزید کہا کہ “ہم نے صنعا اور ساحل میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر ٹارگٹڈڈ حملے کیے اور حوثی بحری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا جو جہازوں کو دھمکی دینے کے لیے استعمال کی جا رہی تھیں”۔ پینٹاگون نے منگل کو حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملوں کی تصاویر شائع کیں۔کل منگل کو امریکی-برطانوی طیاروں نے یمنی دارالحکو مت صنعا پر 12 فضائی حملے کیے ہیں۔حوثی میڈیا نے بتایا کہ دارالحکومت کے مرکز میں واقع “الارضی کمپلیکس” پر دو فضائی حملے گئے، جہاں حوثی وْْزارت دفاع واقع ہے۔ اس کے علاوہ کم از کم 6 دیگر فضائی حملے “22 مئی کمپلیکس” پر کیے گئے جو دارالحکو مت کے الثورہ اسکوائر میں واقع ہے۔قبل ازیں حوثی گروپ نے اعلان کیا کہ اس نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یوایس ایس ہیری ٹرومین پر کئی پروں والے میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا۔یہ حملے حوثی گروپ کی جانب سے اسرائیل کے بین گوریون ہوائی اڈے کو “فلسطین-2” ہائپر سونک میزائل سے نشانہ بنانے اور “ذوالفقار” بیلسٹک میزائل سے یروشلم کے جنوب میں پاور اسٹیشن کو نشانہ بنانے کے اعلان کے چند گھنٹے بعد کیے گئے ہیں۔گذشتہ جمعہ کو امریکی -برطانوی طیاروں نے دارالحکومت صنعاء کے معین کے مقام پر 21 ستمبر کو پارک کو نشانہ بناتے ہوئے حملہ کیا۔گذشتہ جمعرات کو اسرائیل نے صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور حزیز پاور اسٹیشن پر فضائی حملے کیے۔ اس کے علاوہ راس کتیب الیکٹریکل اسٹیشن، الحدیدہ بندرگاہ اور الحدیدہ گورنری میں راس عیسیٰ آئل پورٹ پر بھی فضائی حملے کیے تھے۔اسرائیلی حملوں میں 3 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے جب کہ حدیدہ پر بمباری میں 3 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔