ریاست کو چار زون میں تقسیم کیا جائے گا اور کال سینٹرکھولے جائیں گے
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 17 دسمبر:۔ ایمبولینس سروس کو بہتر بنانے کے لیے ریاست کو چار زون میں تقسیم کیا جائے گا اور کال سینٹرکھولے جائیں گے۔ وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے اس حوالے سے سیکرٹری ہیلتھ کو ہدایات دی ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ہفتہ کو وزیر صحت سے ملاقات کے دوران ایمبولینسوں کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ پورے جھارکھنڈ میں ایمبولینس کی تعداد میں اضافہ کیا جانا چاہئے، تاکہ مریضوں کو اسپتال لانے اور لے جانے میں کوئی پریشانی نہ ہو۔چیف منسٹر ہیمنت سورین نے یہ بھی کہا کہ اس مسئلہ کو جلد حل کیا جانا چاہئے اور اس کے لئے جو بھی ضروری تعاون درکار ہوگا حکومت فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر ڈاکٹر انصاری نے محکمہ صحت کے سکریٹری سے بات چیت کی اور انہیں اس مسئلہ سے آگاہ کیا۔ اس سمت میں جلد از جلد ٹھوس فیصلے لینے کی ہدایت بھی کی۔وزیر ڈاکٹر عرفان انصاری نے کہا کہ جھارکھنڈ میں صحت خدمات اتنی مضبوط ہونی چاہئیں کہ ایمبولینس کی عدم دستیابی کی وجہ سے کسی مریض کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے لیے ریاست کو چار زونوں میں تقسیم کرکے کال سینٹر قائم کرنے کے منصوبے پر کام کیا جانا چاہیے۔ جہاں مریضوں کو فون کال کے ذریعے فوری ایمبولینس سروس ملتی ہے۔ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ ایمبولینس کی کمی کی وجہ سے اگر کسی کی موت ہوتی ہے تو اسے ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس کمی کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہر مریض کو بروقت علاج ملے اور جھارکھنڈ صحت خدمات میں ایک مثالی ریاست بن جائے۔