National

اکھلیش یادو نے بی جے پی سے پوچھے 109 سوالات، کہا- ’عوام جھوٹی حکومت کو اکھاڑ پھینکیں گے‘

102views

 لوک سبھا الیکشن 2024 میں انتخابی مہم شباب پر ہے۔ ابھی تک دو مرحلوں کی ووٹنگ ہو چکی ہے جبکہ 7 مئی کو ہونے والے تیسرے مرحلے کی ووٹنگ کی تیاریاں جا رہی ہیں۔ اس تیسرے مرحلے کی ووٹنگ سے عین قبل سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بی جے پی سے کچھ چبھتے ہوئے سوالات کئے ہیں۔ یہ سوالات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ عوام بی جے پی کی جھوٹی حکومت کو اکھاڑ پھینکے گی۔

ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کیا ہے جس میں بی جے پی سے 109 سوالات پوچھے ہیں۔ انھوں نے اس سوال کا عنوان ‘بھاجپا کی جھوٹی سرکار، جنتا کے سچے سوال‘ رکھا ہے۔ انہوں نے اپنے 109 سوالات میں کئی موضوعات پر بی جے پی و اس کی حکومت کو گھیرا ہے۔ ان سوالات میں کورونا ویکسین کے تعلق سے سوال کرتے ہوئے پوچھا گیا ہے کہ بی جے پی نے بغیر ٹیسٹ کیے عوام کو جان لیوا کورونا ویکسین کیوں لگوائی؟ ساتھ ہی پارٹی نے کورونا ویکسین بنانے والی کمپنی سے کروڑوں روپے لے کر عوام کی جان کو خطرے میں کیوں ڈالا؟ اس نے اپنے حامیوں کی ادویات اور دیگر مصنوعات کو معیار پر پورا اترے بغیر فروخت کرنے کی اجازت کیوں دی؟

کسانوں کے تعلق سے پوچھا گیا ہے کہ بی جے پی نے کسانوں کے راستے میں کانٹے کیوں بچھائے؟ انہوں نے کسانوں پر لاٹھیاں کیوں برسائیں؟ کسانوں کو بروقت ادائیگی کے جھوٹے وعدے کیوں کیے؟ کسانوں کی کھاد کی بوریوں سے چوری کیوں کی؟ ایم ایس پی پر کسانوں سے جھوٹ کیوں بولا گیا؟ اس نے اپنے ساتھ ان لوگوں کو کیوں رکھا جو کسانوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے تھے اور پھر اصل میں انہیں مار بھی دیتے تھے؟ جب آپ نے امیروں کے لاکھوں کروڑوں کے قرض معاف کیے تو کسانوں اور تاجروں کے قرض معاف کیوں نہیں کیے؟

خواتین پر مظالم اور زیادتی سے متعلق ایس پی سربراہ نے پوچھا ہے کہ منی پور میں خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی و ظلم پر بی جے پی اور وزیر اعلیٰ نے خاموشی کیوں اختیار کی؟ خواتین کی عزت سے کھیلنے والے کرناٹک کے مجرموں کو آپ نے اپنا ساتھی کیوں بنایا؟ بی جے پی نے عصمت دری کرنے والوں کو کیوں چھوڑا اور ہار پہنا کر ان کی عزت افزائی کیوں کی؟ پارٹی نے اپنے پارٹی ممبران کو یونیورسٹی کیمپس میں طالبات کی عصمت دری کرنے کا حوصلہ کیوں دیا؟ ہاتھرس میں عصمت دری اور موت کے بعد دلت بیٹی کی آخری رسومات کا حق کیوں چھین لیا گیا؟

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.