Jharkhand

آہ! خورشید پرویز صدیقی

41views

اردو صحافت کا ایک درخشندہ ستارہ غروب ہوگیا:محمد مکمل حسین ،رانچی

خورشیدپرویز صدیقی صاحب کئی روز سے انجمن اسپتال میں زیر علاج تھے اور گذشتہ کل بھائی محمددانش ایاز کے ساتھ ان کی تیمارداری کرنے کاموقع ملا ۔ان کے صاحبزادے سے بھی ملاقات ہوئی۔ انھوں نے بتایا کہ یہاں کے ڈاکٹر نے بتایاکہ لیور میں انفکشن ہے۔پھر دن گیا ،رات گئی اور صبح صبح بھائی ایاز دانش ہی نے خبردی کہ خورشید پرویز صدیقی صاحب موت وحیات کی کشمکش میں رہ کر آج 9جنوری2025کی صبح تقریباً چار بجے اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔اناللہ واناالیہ راجعون۔خورشید پرویز صدیقی کی پیدائش 2دسمبر 1945میں باڑھ پٹنہ (بہار) میں ہوئی تھی۔ ان کے والد کانام محمد یعقوب صدیقی ہے۔خورشید پرویز صدیقی کی صحافتی زندگی ایک طویل مدت پر محیط ہے اور اس طویل مدت میں سماجی ،سیاسی،اخلاقی اور معاشرہ میں مختلف مسائل کو اپنی صحافتی خدمات کے ذریعہ عوام الناس تک پہنچانے کا کام کیابلکہ کہ یوں کہیے کہ خورشید پرویز صدیقی نے اس طویل مدت میں کسی بھی مسائل کودیکھا اور احساس میں لایا کہ اس پر کچھ اظہار خیال کیاجائے تو انھوں نے یا تو مضامین کے شکل میں یا کالم یا پھر شذرات کی صورت میں اس کو اپنے قلم کے ذریعے زینت ِاخبار بناتے رہے ہیں ۔خورشید پرویز صدیقی نے اپنی صحافتی لب ولہجہ ، کالم نویسی،شذرات اور انداز بیان سے ادبی اور صحافتی دنیا میں اپنی منفرد شناخت و پہنچان بنائی ۔ ملک کے موقر اردو اخبارات و رسائل میں ان کے مضامین اور کالم تواتر کے ساتھ شائع ہوتے رہتے تھے اور بے حد پسند بھی کئے جاتے رہیں۔ اورتاحیات اردوکے بہت معروف ومشہور اخبارروزنامہ ”فاروقی تنظیم“رانچی میں اپنے مضامین، کالم اورخاص طورپر اداریہ کے ذریعے ملک و سماج کے ہر چھوٹے بڑے مسائل کی سچی تصویر پیش کرتے رہے اور ارباب اقتدار کو آئینہ بھی دکھاتے رہے۔
خورشید پرویز صدیقی بہت ہی مشہور و معروف صحافی، کالم نگار،تجزیہ کار، سیرت نگار،اداریہ کے ماہر اور بالخصوص ایک شریف النفس انسان تھے۔دنیائے صحافت کی قد آور عہد ساز شخصیت صدیقی صاحب اپنی ذات میں ایک انجمن تھے۔ آپ کا شمار صحافت کی دنیا کے بڑے ناموں میں ہوتا تھا۔ ان کا ادبی و علمی اور صحافتی خزانہ بے بہا ہے۔آپ کئی اخبار کے ایڈیٹر ان چیف رہ چکے ۔ کافی دنوں تک سابق اسپیکر بہار قانون ساز اسمبلی جناب مرحوم غلام سرور صاحب کے ساتھ بھی کام کیے ۔اس کے بعد طویل مدت سے روزنامہ” فاروقی تنظیم“ جو بہار، جھارکھنڈ اور بشمول بھارت کی راجدھانی دہلی سے مستقل طور پر شائع ہورہے ہیں اس کے خبروں سے لے کر اخبار کا روح اداریہ بھی لکھتے رہے۔ ان کی حیات ہی میں ان کی دو کتابیں ایک کتاب سیرت النبی ﷺ پر اور دوسری سبزی باغ کے حوالے سے منظر عام پرآکر داد تحسین حاصل کرچکے ۔
خورشید پرویز صدیقی سے میری ملاقات فاروقی تنظیم کے دفترانجمن پلازہ کے اوپری منزل میں ہوئی ۔اس سے قبل ان کے نام ، ان کی تحریروں اور فاروقی تنظیم کے ادارات سے واقف تھا۔ پہلی ہی ملاقات نے ان کا گرویدہ بنادیا۔ ان کے مشفقانہ رویہ ،حسن اخلاق، اعلی ظرف شخصیت کے مالک ، بہت ہی منکرالمزاج انسان ، عزم اور ارادے کے پکے اور خاص طورپر جب بھی کسی شخص سے بات چیت کرتے تو خندہ پیشانی سے کرتے اور مسکراتے ہوئے ان کے چھوٹےبڑے مسائل کو حل کرتے تھے۔ اسی ملاقات کے چند مہینوں کے بعد مجھے فاروقی تنظیم میں کام کرنے کاموقع ملااور پھر خورشیدپرویز صدیقی صاحب کے ماتحت کام کیا۔ اسی درمیان میں انہیں بہت ہی قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کا موقع میسر ہوا۔ اور میں نے یہ محسوس کیا کہ اصل صحافی یہی ہے جو اپنے قلم کو کبھی جھکنے نہیں دیتا کیوں کہ صدیقی صاحب نے نہ تواپنے اصولوں سے سمجھوتہ کیا اور اور نہ ہی اخبارکے مالک سے کبھی مراعات حاصل کرنے کی کوشش کی ۔ وہ ہمیشہ بے باک اور نڈر ہوکر کام کرتے رہے تھے۔ قدرت نے ان کو عجیب وغریب صلاحیتوں سے نوازا تھا وہ جس قدر اعلیٰ معیاری اور نئے الفاظ کی تلاش اور تیکھے لہجے کی آمیزش سے بھرپور ادارات لکھتے رہیں۔ اس کے علاوہ انجمن فروغ اردو رانچی کے زیر اہتمام کئی پروگراموں میں ا ن سے ملاقات ہوتی رہی اور نیک مشورہ سے نواز تے رہے۔ اللہ پاک ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے ،ان کے درجات کو بلند کرے اور ان کے تمام چاہنے والوں کو صبر جمیل عطا ہو۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.