National

دہلی میں بسے بنگلہ دیشی اور روہنگیاؤں کے خلاف

29views

پولیس کی خصوصی مہم، شاہین باغ میں ہو رہی کاغذات کی جانچ

نئی دہلی، 12 دسمبر:۔ (ایجنسی) دہلی میں غیر قانونی طور سے رہنے والے بنگلہ دیشیوں اور روہنگیاؤں کے لیے مشکل وقت آ چکا ہے۔ دہلی پولیس نے ان کے خلاف خصوصی مہم شروع کر دی ہے اور شاہین باغ سمیت کئی علاقوں میں مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ بنگلہ دیشی باشندوں اور روہنگیا کا پتہ لگانے کے لیے پولیس لوگوں کے دستاویزات کی جانچ کر رہی ہے۔ شاہین باغ کے کالندی کنج علاقہ اور مشرقی دہلی کے سیماپوری علاقے میں خاص طور سے پولیس کی خصوصی مہم جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیماپوری علاقہ میں شروعاتی پوچھ تاچھ کے دوران 32 لوگوں کو نشان زد کیا گیا ہے جو بنگلہ دیش سے تعلق رکھتے ہیں لیکن غیر قانونی طریقے سے دہلی میں بسے ہوئے ہیں۔ ان لوگوں نے آدھار کارڈ بھی بنا لیے ہیں۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کے ذریعہ دہلی پولیس کو ہدایت جاری کیے جانے کے بعد یہ خصوصی مہم چلائی گئی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ناجائز طریقے سے دہلی میں رہنے والے بنگلہ دیشیوں کی شناخت کے لیے دو ماہ کی خصوصی مہم چلانے سے متعلق ہدایت دہلی پولیس کو دی تھی، اور ساتھ ہی کہا تھا کہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ذرائع کے حوالے سے جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس میں بتایا جا رہا ہے کہ یمنا بازار لوہا پل کے پاس بسی جھگی بستیوں، بوانا، جہانگیر پور، سیماپوری، علی گاؤں، دیا بستی، سرائے روہیلا، یمنا پشتہ، ششی گارڈن، سونیا کیمپ، سنجے بستی، سونیا وِہار، شکرپور، کیشو پورم، سیماپوری ریلوے لائن، وکاس پوری، نجف گڑھ، بھلسوا ڈیری جے جے کالونی، پریم نگر، کالندی کنج کے شرم وِہار علاقوں میں دہلی پولیس کی خصوصی مہم دیکھنے کو ملے گی کیونکہ ان علاقوں میں روہنگیا اور بنگلہ دیشیوں کی بڑی تعداد رہتی ہے۔
Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.