Jharkhand

طالبہ کے ساتھ زبردستی سیلفی لینے سے روکنے پر طالب علم کی پٹائی

12views

بی آئی ٹی کالج کے زخمی طالب علم کی ہسپتال میں موت

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 16 نومبر:۔ جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی کے بی آئی ٹی میسرا پولی ٹیکنک کالج سے ایک دل دہلا دینے والاواقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں سینئر طلباء نے ایک جونیئر طالب علم کو اتنا مارا کہ اسے الٹیاں ہونے لگیں۔ اسکی طبیعت اتنی بگڑ گئی کہ آخرکار وہ جان کی بازی ہار گیا۔ گھر والوں نے کالج انتظامیہ پر معاملے کو چھپانے کا الزام لگایا ہے۔ طالب علم کی موت کے بعد اہل خانہ نے ہنگامہ کیا اور کالج میں توڑ پھوڑ کی۔ لواحقین کا مطالبہ ہے کہ قصورواروں کو جلد از جلد گرفتار کرکے سزا دی جائے۔ معلومات کے مطابق 14 نومبر کی رات بی آئی ٹی کالج میں پارٹی کے دوران طلباء ڈی جے کی دھنوں پر رقص کر رہے تھے، اسی دوران سینئرطلباء وہاں موجود ایک طالبہ کے ساتھ سیلفی لینے لگے۔ لڑکی نے تصویر لینے سے منعی لیکن اس کی بات سننے والاکوئی نہیں تھا۔ اس کے بعد ایک طالب علم راجہ پاسوان نے اس کے خلاف احتجاج کیا۔ راجہ کے احتجاج سے سینئر طلباء ناراض ہوگئے اور پھر یہیں سے تنازعہ شروع ہوگیا۔ ہلکی تو تو میں میں  اور کچھ دھکا مکی کے بعد سب اپنے اپنے ہاسٹل چلے گئے۔ لیکن، معاملہ یہیں نہیں رکا۔سینئر طلباء کا غصہ تھم نہیں پایا تھا اور راجہ کے احتجاج کا بدلہ لینے کے لیے وہ اس کے ہاسٹل پہنچ گئے اور اس کی تلاش شروع کر دی۔ تاہم راجہ وہاں نہیں ملا تو سینئراسکے دوست کو ساتھ لے گیا۔ دوست نے راجہ کو فون کیا اور بتایا کہ یہاں کے سنیئر اسکی تلاش کر رہے ہیں اور اسکے ساتھ بھی مار پیٹ کر رہے ہیں۔ جب راجہ پاسوان اپنے دوست کو بچانے کے لیے وہاں پہنچے تو پہلے سے گھات لگائے بیٹھے سینئر طلبہ نے اسے مارنا شروع کردیا۔ مار پیٹ اتنی شدید تھی کہ زخمی راجہ کو الٹیاں ہونے لگیں۔اس کے ساتھ ہی اہل خانہ کا الزام ہے کہ کالج انتظامیہ نے اہل خانہ کو معاملے کی ادھوری معلومات دیتے ہوئے کہا تھا کہ طالب علم راجہ نے پارٹی میں شراب نوشی کی تھی، اس لیے اس کی طبیعت بگڑ گئی ہے، اسے گھر لے جایئے۔ لیکن، 15 نومبر کو، جب زخمی راجہ کی طبیعت خراب ہونے لگی، تو اس کے اہل خانہ نے اسے ہسپتال میں داخل کرایا جہاں اس کی موت ہوگئی۔ اس کے بعد مشتعل اہل خانہ نے بی آئی ٹی او پی میں مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.