National

دہلی ایئرپورٹ پر ہوائی جہاز میں بم رکھنے کی دھمکی دینے والا نکلا ایک 13 سالہ بچہ

90views

دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ دہلی سے دبئی جانے والے مسافروں کو 13 سالہ بچے کا مذاق مہنگا ثابت ہوا۔ دراصل 18 جون کو آئی جی آئی ایئرپورٹ کے کال سینٹر میں ایک ای میل موصول ہوئی تھی، جس میں دبئی جانے والے ہوائی جہاز کو  بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ جیسے ہی یہ ای میل موصول ہوئی تھی سی آئی ایس ایف اور دہلی پولیس سمیت ہوائی اڈے کے سیکورٹی کو الرٹ کر دیا گیا تھا۔ اس دھمکی بھرے ای میل بھیجنے کی پاداش میں فی الحال پولیس نے ایک 13 سالہ بچے کو گرفتار کیا ہے۔

اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ڈی سی پی اوشا رنگنانی نے اس معاملے میں بتایا کہ لڑکے نے کچھ دن قبل کال کر کے بم کی جھوٹی خبر دینے والے ایک دیگر نوجوان سے متاثر ہو کر مذاق کے طور پر ای میل بھیجا تھا۔ رنگنانی نے بتایا کہ یہ حادثہ پیر (17 جون) کو پیش آیا تھا جس کے خلاف 18 جون کو دبئی جانے والی پرواز میں بم کی دھمکی کے حوالے سے شکایت درج کی گئی۔ ڈی سی پی نے مزید بتایا کہ شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام رہنما ہدایات پروٹوکول اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار پر عمل کیا گیا۔ ساتھ ہی معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایئرپورٹ پر مکمل طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

ڈی سی پی کے مطابق تفتیش کے دوران معلومات غلط ثابت ہوئیں۔ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ جس ای میل ایڈریس سے ای میل بھیجی گئی تھی اس کی آئی ڈی جعلی کال سے صرف ایک سے دو گھنٹے قبل بنائی گئی تھی۔ اس کے علاوہ دھمکی آمیز میل بھیجنے کے بعد اس ای میل آئی ڈی کو فوری طور پر ڈیلیٹ کر دیا گیا تھا۔ تکنیکی نگرانی کے ذریعے ای میل بھیجنے والے شخص کا مقام پتھورا گڑھ، اتراکھنڈ میں پایا گیا۔ جس کے بعد پولیس ٹیم کو پتھورا گڑھ روانہ کیا گیا۔ ڈی سی پی اوشا رنگنانی نے مزید بتایا  کہ پتھورا گڑھ پہنچنے پر پولیس ٹیم کو معلوم ہوا کہ جھوٹے بم کی ای میل بھیجنے والا ایک 13 سالہ لڑکا ہے۔

ایئرپورٹ پولیس کی ٹیم نے اس بچے کو اپنی تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔ تفتیش کے دوران بچے نے بتایا کہ اس کے والدین نے اسے پڑھائی کے لیے ایک موبائل فون دیا تھا جس کے ذریعے اس نے ای میل بھیجی اور بعد میں اس کی آئی ڈی ڈیلیٹ کر دی۔ اس نے اپنے والدین کو اطلاع نہیں دی کیونکہ وہ خوفزدہ تھا۔ ڈی سی پی اوشا رنگانی نے بتایا کہ پتھورا گڑھ سے پکڑے گئے اس بچے کے زیر استعمال فون برآمد کر لیا گیا ہے۔ اسی کے  ساتھ ہی ڈائل کال سینٹر کو بھیجی گئی ای میل کو بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔ یہ بچہ چونکہ  نابالغ ہے اس لیے اس کو اس کے والدین کی تحویل میں دے دیا گیا۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.