عالمی سی ای اوز اور صنعت کاروں کے ساتھ گول میز کانفرنس میں ہندستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنا:سیتا رمن
نئی دہلی، یکم جولائی (یواین آئی) مرکزی وزیرِ خزانہ و کارپوریٹ امور نرملا سیتا رمن بدھ کے روز فرانس کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئیں، جہاں وہ کئی اعلیٰ سطحی دوطرفہ ملاقاتوں میں شرکت کریں گی۔وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محترمہ سیتا رمن کے اس دورے کا مقصد ہند-فرانس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا، اقتصادی تعاون کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی تعاون اور اختراع (انوویشن) کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ فرانس میں ان کے قیام کے دوران ہند-فرانس اقتصادی و مالیاتی مذاکرات (ای ایف ڈی) کا انعقاد بھی ہوگا، جو ان کے دورے کا ایک اہم پروگرام ہوگا۔ایکس-آں-پرووانس میں منعقد ہونے والے اس اجلاس کی مشترکہ صدارت محترمہ سیتا رمن اور فرانس کے وزیر برائے معیشت، مالیات، صنعت اور توانائی رولان لیسکیور کریں گے۔اس موقع پر دونوں ممالک مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے نئے امکانات پر تبادلۂ خیال کریں گے اور ہندستان و فرانس کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر غور کریں گے۔دورے کے دوران محترمہ سیتا رمن دنیا کی چند ممتاز کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای اوز) سے بھی ملاقات کریں گی۔ اس کے علاوہ وہ معروف صنعت کاروں کے ساتھ ایک گول میز کانفرنس میں شرکت کریں گی، جس میں ہندستان کی مضبوط معاشی بنیاد، جاری ساختی اصلاحات، سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقع اور طویل مدتی اقتصادی ترقی کے امکانات کو اجاگر کیا جائے گا۔محترمہ سیتا رمن ‘نئے متوسط طبقے کی ترقی کو کس طرح فروغ دیا جائےکے موضوع پر لے رینکونتر ایکونومیک دیایکس-آں-پرووانس میں منعقد ہونے والی ایک پینل بحث میں بھی شرکت کریں گی۔ یہ یورپ کے اہم سالانہ فورمز میں شمار ہوتا ہے، جہاں عالمی معیشت اور عوامی پالیسی سے متعلق اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا جاتا ہے۔ ‘لے سرکل دے ایکونومست کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس فورم میں دنیا بھر سے سربراہانِ مملکت، وزراء، مرکزی بینکوں کے سربراہان، صنعتی رہنما، ماہرینِ معاشیات، ماہرینِ تعلیم اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے عالمی اقتصادی چیلنجوں پر گفتگو کرتے ہیں۔مرکزی وزیرِ خزانہ کاداراش میں قائم بین الاقوامی تھرمونیوکلیئر تجرباتی ری ایکٹر (آئی ٹی ای آر) منصوبے کا بھی دورہ کریں گی۔ آئی ٹی ای آر جوہری فیوژن توانائی کے میدان میں دنیا کے سب سے بڑے بین الاقوامی سائنسی تعاون کے منصوبوں میں سے ایک ہے، جس میں ہندستان اور فرانس سمیت 30 سے زائد شراکت دار ممالک شامل ہیں۔ وہ کیمپس سائبر کا بھی دورہ کریں گی، جو فرانس کا سائبر سکیورٹی، اختراع، تحقیق، مہارتوں کی ترقی اور حکومت، صنعت و تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کے لیے قائم قومی مرکز ہے۔ اس دورے سے سائبر سکیورٹی کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور ڈیجیٹل معیشت میں اختراع کے فروغ کے لیے تجربات اور بہترین عملی طریقوں کے تبادلے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔محترمہ سیتا رمن پروینس-آلپس-کوت دی ازور(پی اے سی اے) خطے کے صدر رینو موسیلیے سے بھی ملاقات کریں گی۔ اس دوران سرمایہ کاری، اختراع، صاف توانائی، ٹیکنالوجی اور علاقائی اقتصادی شراکت داری جیسے مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔اپنے سرکاری دورے کے اختتام پر مرکزی وزیرِ خزانہ فرانس میں مقیم ہندستانی برادری کے ارکان کے ساتھ ایک منعقہ ایک کمیونٹی پروگرام میں بھی شرکت کریں گی۔



