شوبھندو،شمک، سکانپ ،دلیپ ہوں گے پارٹی کے چار بڑے چہرے
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ:مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں تاریخی کامیابی کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی اب ریاست میں اپنی سیاسی گرفت مزید مضبوط کرنے کی تیاری میں لگ گئی ہے۔ پارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ آنے والے بلدیاتی اور میونسپل انتخابات کو سامنے رکھتے ہوئے پورے بنگال میں ایک نئی حکمت عملی کے تحت تنظیم کو مزید طاقتور بنایا جائے گا۔بی جے پی اب وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری، ریاستی صدر شمک بھٹاچاریہ، مرکزی وزیر سکانت مجمدار اور سینئر لیڈر دلیپ گھوش کو سامنے رکھ کر ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر سیاسی پروگرام کرے گی۔ پارٹی ان چار لیڈروں کو بنگال میں بی جے پی کی کامیابی کے اہم ستون مان رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق بنگال میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد اب بی جے پی عوام کا شکریہ ادا کرنے کے ٍلیے ہر ضلع میں بڑے ’’ابھینندن ‘‘یعنی مبارکبادی پروگرام منعقد کرے گی۔ ان تقریبات میں یہی چار بڑے چہرے مرکزی حیثیت میں رہیں گے۔ پارٹی کا ماننا ہے کہ ان لیڈروں کی مقبولیت اور عوامی رابطہ تنظیم کو نچلی سطح تک مزید مضبوط کرے گا۔بی جے پی قیادت اب 121 میونسپلٹیوں اور 7 میونسپل کارپوریشنوں کے آئندہ انتخابات پر نظریں جمائے بیٹھی ہے۔ پارٹی چاہتی ہے کہ اسمبلی انتخابات کی جیت کا سلسلہ بلدیاتی انتخابات میں بھی جاری رہے۔ اسی مقصد سے سالٹ لیک میں پارٹی دفتر پر دو دن پہلے ایک اہم میٹنگ ہوئی، جس میں مستقبل کی انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ جے پی کی کوشش ہے کہ اسمبلی کے بعد اب مقامی اداروں میں بھی اپنی طاقت میں اضافہ کیا جائے۔ادھر نندی گرام سیٹ پر بھی دوبارہ انتخاب ہونے والا ہے کیونکہ شوبھندو ادھیکاری نے بھوانی پور سیٹ سے حلف لیا ہے۔ بی جے پی قیادت کو یقین ہے کہ نندی گرام میں بھی پارٹی دوبارہ کامیابی حاصل کرے گی۔دوسری طرف شمک بھٹاچاریہ کو پارٹی تنظیم کو متحد رکھنے کا کریڈٹ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پرانے اور نئے کارکنوں کو ایک ساتھ لا کر بی جے پی کو بنگالی شناخت کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی۔ پارٹی کے کئی لیڈروں کا ماننا ہے کہ ان کی قیادت میں بی جے پی ریاست میں عوام کے قریب پہنچی۔مرکزی وزیر سکانت مجمدار بھی مسلسل ضلع ضلع جا کر تنظیم کو مضبوط بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔ وہ مختلف علاقوں میں میٹنگیں کر کے پارٹی کارکنوں کو متحرک کر رہے ہیں۔ جبکہ دلیپ گھوش نے بھی انتخابی مہم میں سرگرم کردار ادا کیا اور مختلف علاقوں میں امیدواروں کے حق میں مہم چلائی۔بی جے پی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہلی کی قیادت بھی ان چار لیڈروں پر مکمل اعتماد کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ دونوں ہی بنگال میں پارٹی کی آئندہ حکمت عملی انہی چہروں کے ذریعے آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔









Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4595010