وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری کا بڑا اعلان
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ: مغربی بنگال کی سیاست میں ایک بار پھر ہلچل مچ گئی ہے۔ ریاست کے نئے وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری نے آر جی کار میڈیکل کالج میں خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے معاملے میں بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس کیس میں سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے کردار کی بھی جانچ کی جائے گی۔ اس اعلان کے بعد سیاسی حلقوں میں زبردست بحث شروع ہو گئی ہے۔ریاستی سکریٹریٹ نوانو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری نے کہا کہ آر جی کار اسکینڈل کی فائل دوبارہ کھولی جا رہی ہے اور اس وقت کے ذمہ دار افسران کے کردار کی مکمل محکمانہ جانچ ہوگی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس کیس کی شروعاتی تفتیش میں کئی بڑی کوتاہیاں ہوئی تھیں اور معاملے کو صحیح طریقے سے نہیں سنبھالا گیا۔وزیر اعلیٰ نے فوری اثر سے تین سینئر آئی پی ایس افسران کو معطل کرنے کا اعلان بھی کیا۔ معطل کیے گئے افسران میں اُس وقت کے کولکتہ پولیس کمشنر ونیت گوئل، ڈی سی نارتھ ابھیشیک گپتا اور ڈی سی سینٹرل اندرا مکھوپادھیائے شامل ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان افسران کے کردار کی تفصیل سے جانچ کی جائے گی۔
شوبھیندو ادھیکاری نے بتایا کہ وزیر داخلہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے چیف سکریٹری اور ہوم سکریٹری سے آر جی کار کیس پر مکمل رپورٹ طلب کی تھی۔ اسی رپورٹ کی بنیاد پر ابتدائی کارروائی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر درج کرنے سے لے کر ابتدائی تفتیش تک کئی مراحل پر سنگین غلطیاں سامنے آئی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے مزید الزام لگایا کہ مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ متاثرہ خاتون ڈاکٹر کی والدہ کو ریاستی حکومت کی جانب سے پیسے کی پیشکش کی گئی تھی۔ ان کے مطابق یہ ایک طرح کی ’’رشوت دینے کی کوشش‘‘ تھی، جس کی بھی الگ سے جانچ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں متعلقہ افسران کے کال ریکارڈ، واٹس ایپ چیٹس اور اُس وقت کن لوگوں سے رابطہ کیا گیا تھا، سب کی چھان بین کی جائے گی۔ اس بات کی بھی جانچ ہوگی کہ آیا اُس وقت کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی یا کسی وزیر کی طرف سے کوئی خاص ہدایات دی گئی تھیں یا نہیں۔وزیر اعلیٰ کے اس اعلان کے بعد بی جے پی کارکنان اور متاثرہ خاندان نے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، جبکہ ترنمول کانگریس کی جانب سے ابھی تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ آر جی کار معاملہ آنے والے دنوں میں بنگال کی سیاست میں ایک بڑا موضوع بن سکتا ہے۔









Users Today : 2266
Users Yesterday : 3172
Users Last 7 days : 18128
Users Last 30 days : 54385
Users This Month : 81577
Users This Year : 997059
Total Users : 4595010