90 لاکھ نام حذف کرنے پر الیکشن کمیشن کو خط
نئی دہلی، 9 اپریل (یو این آئی) ہندوستان کی مارکسی کمیوسٹ پارٹی نے جمعرات کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کے پاس اس معاملے پر سخت احتجاج درج کرایا ہے جسے اس نے مغربی بنگال میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی تفصیلی نظر ثانی (ایس آئی آر) کے بعد بڑے پیمانے پر ووٹرز کے نام حذف کرنے سے تعبیر کیا ہے۔ پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ اس مشق کے نتیجے میں “بڑے پیمانے پر رائے دہندگان کو محروم” کیا گیا اور ووٹ دینے کے آئینی حق سے انکار کیا گیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر کے نام لکھے گئے ایک خط میں، سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری ایم اے بیبی نے ان رپورٹوں پر “دکھ، شدید تشویش اور سخت احتجاج” کا اظہار کیا ہے کہ 90 لاکھ سے زیادہ ووٹرز — جو ریاست کے کل ووٹرز کا تقریباً 12 فیصد ہیں — کو فہرستوں سے نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے انتخابی ادارے پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ آئین کے آرٹیکل 326 کے تحت ضمانت یافتہ ووٹ دینے کے حق کا “ہر قیمت پر” تحفظ کیا جائے۔ایم اے بیبی نے خط میں کہا، “رپورٹس بتاتی ہیں کہ 90 لاکھ سے زیادہ ووٹرز کو فہرستوں سے نکال دیا گیا ہے۔ ایک بڑی تعداد کو ‘زیرِ سماعت، کے مبہم زمرے میں رکھا گیا، اور بعد میں معلوم ہوا کہ شکایات کے ازالے کے لیے جو طریقہ کار وضع کیا گیا تھا وہ ناقابل رسائی اور غیر فعال تھا۔”
سی پی آئی (ایم) رہنما نے الزام لگایا کہ نظر ثانی کی یہ مہم معمول کی انتظامی اپ ڈیٹ سے کہیں آگے نکل گئی اور اس کے بجائے یہ “بڑے پیمانے پر ووٹرز کو بے دخل کرنے کی ایک منظم مشق” بن گئی۔ انہوں نے شفاف اور زمینی تصدیق کے بجائے “منطقی ہم آہنگی” اور “ایلگورازم پر مبنی اخراج” جیسے من مانے معیارات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ “پچھلی مشقوں کے برعکس، ووٹر کو ایک مشکوک شخص کے طور پر دیکھا گیا اور خود کو درست ثابت کرنے کا بوجھ ان پر ڈال دیا گیا،” انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل سے “بھاری مالی نقصان، زحمت، ذہنی صدمہ اور یہاں تک کہ اموات بھی ہوئی ہیں۔”شفافیت کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بیبی نے کہا کہ شکایات کے ازالے کے لیے بنائے گئے میکانزم غیر فعال رہے — یہ وہ نکتہ ہے جسے خود الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ آف انڈیا کے سامنے تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ انتخابی فہرستیں ایسے فارمیٹس میں جاری کی گئیں جن سے آزادانہ تجزیہ مشکل ہو گیا، جس سے عوامی جانچ پڑتال محدود ہو گئی۔آزادانہ جائزوں کا حوالہ دیتے ہوئے، سی پی آئی (ایم) نے دعویٰ کیا کہ پسماندہ طبقات، خاص طور پر مسلمان، خواتین اور اقتصادی طور پر کمزور طبقے، ان کٹوتیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ “ان ووٹرز کو فہرست سے ہٹانا ووٹ دینے کے حق سے انکار کے مترادف ہے… جو کہ مساوات اور وقار کے لیے لازم و ملزوم ایک بنیادی جمہوری حق ہے۔” پارٹی نے اپنا مطالبہ دہرایا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر اس مسئلے کو حل کرے اور تمام اہل ووٹرز کو فہرستوں میں بحال کرے، ساتھ ہی خبردار کیا کہ حقِ رائے دہی سے اتنے بڑے پیمانے پر محرومی “خود آئین کے اصولوں پر ایک سنگین حملہ” تصور ہو گی۔



