ہومNationalبنگلور کی یونیورسٹی میں پروفیسر نے اقلیتی طالب علم کو بار بار...

بنگلور کی یونیورسٹی میں پروفیسر نے اقلیتی طالب علم کو بار بار ’دہشت گرد‘ کہہ کر مخاطب کیا

ویڈیو وائرل ہونے پر یونیورسٹی سے معطل؛ ایف آئی آر درج

بنگلور ، 29 مارچ:۔ (ایجنسی) بنگلور کی پی ای ایس یونیورسٹی میں ایک پروفیسر کے متنازع بیان نے تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ یونیورسٹی کے ایڈجَنکٹ پروفیسر ڈاکٹر مرلی دھر دیش پانڈے کے خلاف ایک طالب علم کو ’دہشت گرد‘ کہنے اور توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر پولیس میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ 24 مارچ کو پیش آیا جب ایک طالب علم کلاس میں تاخیر سے داخل ہوا، جس پر پروفیسر برہم ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پروفیسر طالب علم کو بار بار ’ٹیررسٹ‘ کہہ رہے ہیں اور اس کے ساتھ سخت اور نامناسب جملے استعمال کر رہے ہیں۔ ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پروفیسر کو معطل کر دیا اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس معاملے پر طلبا تنظیم نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ تنظیم نے الزام لگایا کہ پروفیسر نے ایک اقلیتی طالب علم کی توہین کی اور اس کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس کے مطابق گرینگر پولیس اسٹیشن میں ابتدائی طور پر نان کاگنیزیبل رپورٹ (این سی آر) درج کی گئی ہے، جبکہ طالب علم کی باضابطہ شکایت کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو کی بنیاد پر ازخود بھی کیس درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، پروفیسر نے نہ صرف طالب علم کو ’دہشت گرد‘ کہا بلکہ اسے عالمی حالات، خصوصاً ایران جنگ سے بھی جوڑتے ہوئے اشتعال انگیز تبصرے کیے۔یہ ریمارکس تقریباً 60 طلبہ کے سامنے کیے گئے، جس سے ایک انتہائی توہین آمیز اور خوفناک ماحول پیدا ہوا۔ مزید تشویشناک بات یہ ہے کہ واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج مبینہ طور پر حذف کر دی گئی، جس سے شفافیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ایف آئی آر میں یہ بھی ذکر ہے کہ متاثرہ طالب علم کی حمایت کرنے والے کچھ طلبا کو بھی معطل کیا گیا۔ پروفیسر نے بعد میں ایک معذرت نامہ لکھا، تاہم متاثرہ طالب علم سے براہ راست معافی نہیں مانگی گئی۔ یونیورسٹی کے شعبہ کے سربراہ نے ان کی جانب سے معذرت کی، جبکہ طالب علم کو معاملہ آگے نہ بڑھانے کا مشورہ بھی دیا گیا۔ پولیس نے بی این ایس کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات