بیربھوم:بیربھوم کی سیاست میں ایک بار پھر انوبرت منڈل کا اثر و رسوخ موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ بولپور اسمبلی حلقے سے ترنمول کانگریس کے امیدوار اور وزیر چندر ناتھ سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کے آل انڈیا جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی نے خود انوبرت منڈل کو ضلع کی تنظیمی ذمہ داری سنبھالنے کے لیے کہا ہے۔ چندر ناتھ سنگھ نے بولپور کے وارڈ نمبر 16 کے بند گوڑہ علاقے میں ایک انتخابی مہم کے دوران کہا کہ ہماری پارٹی کے کمانڈر ابھیشیک بنرجی نے ان سے کہا ہے کہ اب آپ کو ضلع کی ذمہ داری سنبھالنی ہوگی۔ان کے اس بیان کے بعد بیربھوم کی ترنمول سیاست میں نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
یہ معاملہ اس لیے بھی اہم مانا جا رہا ہے کیونکہ 26 مارچ کو دبراج پور میں ممتا بنرجی کی انتخابی ریلی کے بعد انوبرت منڈل کو الگ سے بلا کر بات کی گئی تھی۔ اس وقت بھی سیاسی حلقوں میں یہ چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں کہ شاید پارٹی بیربھوم میں ایک بار پھر انوبرت منڈل کو فعال کردار دینا چاہتی ہے۔ اس کے بعد 28 مارچ کو لاوپور میں ابھیشیک بنرجی کی انتخابی میٹنگ نے ان قیاس آرائیوں کو اور ہوا دی۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ ضلع کے کچھ اہم چہرے، خاص طور پر کاجل شیخ، ان اہم سیاسی پروگراموں میں نظر نہیں آئے، جس سے پارٹی کے اندرونی توازن پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔اگرچہ چندر ناتھ سنگھ نے کھل کر یہ دعویٰ کیا، لیکن جب اس بارے میں انوبرت منڈل سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ ان کی خاموشی نے سیاسی دلچسپی کو اور بڑھا دیا ہے۔ بیربھوم میں پہلے مرحلے کی ووٹنگ 23 اپریل کو ہونی ہے۔ ایسے میں انوبرت منڈل کو دوبارہ ضلع کی باگ ڈور ملنے کی خبر کو انتخابی حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ خاص طور پر اس وقت، جب ضلع میں کاجل شیخ اور انوبرت منڈل کے اثر و رسوخ کو لے کر پہلے ہی سیاسی کشمکش موجود ہے۔ چندر ناتھ سنگھ کے اس بیان نے واضح اشارہ دیا ہے کہ ترنمول کانگریس بیربھوم میں پرانے اور مضبوط تنظیمی چہروں پر ایک بار پھر بھروسہ جتا رہی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں پارٹی اس ذمہ داری کو باضابطہ شکل دیتی ہے یا نہیں۔
ابھیشیک نے انوبرت منڈل کو پھر بیربھوم کی کمان سونپ دی:چندر ناتھ
مقالات ذات صلة



