پونے؍ ممبئی ، 29 مارچ (یو این آئی) پونے ایئرپورٹ پر بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کسٹمز محکمہ اور اینٹی نارکوٹکس سیل نے تقریباً 77 کروڑ روپے مالیت کی ہائیڈروپونک گانجہ ضبط کیا ہے۔حکام کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کا وزن 76.58 کلوگرام ہے، جسے نہایت مہارت سے تھائی لینڈ سے درآمد کیے گئے مالٹے کے سلائسز کے پیکٹس میں چھپا کر لایا جا رہا تھا۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر حکام نے اس کھیپ کو روک کر تفصیلی جانچ کی، جس کے دوران پیکٹس کے اندر چھپائی گئی منشیات برآمد کر لی گئی۔اس کارروائی کے بعد نوی ممبئی کے ایک تاجر سمیر سریش اشٹیکر کو اس معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزم کے روابط ایک بین الاقوامی منشیات نیٹ ورک سے ہو سکتے ہیں۔حکام کے مطابق ہائیڈروپونک گانجہ اپنی زیادہ طاقت اور مہنگی مارکیٹ ویلیو کے باعث اسمگلروں کے لیے خاص کشش رکھتا ہے، اور حالیہ دنوں میں اسے غیر روایتی طریقوں سے اسمگل کرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ پونے ایئرپورٹ پر حالیہ عرصے کی بڑی کارروائیوں میں سے ایک ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس اسمگلنگ نیٹ ورک کے دیگر افراد اور سپلائی چین کا پتہ لگایا جا سکے۔



