بہار حکومت کی جانب سے خواتین کو 3.77روڑ روپے کی ترغیبی رقم
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 13 فروری: قومی یومِ خواتین کے موقع پر خواتین کو بااختیار بنانے کے ریاستی حکومت کے عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے، ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن، بہار کی جانب سے دشرتھ مانجھی لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ، پٹنہ میں تقرری نامہ کی تقسیم کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کے دوران کل 253 نو منتخب امیدواروں کو تقرری نامے فراہم کیے گئے۔پروگرام میں محکمہ سوشل ویلفیئر کی سکریٹری بندنا پریشی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ان کے دستِ مبارک سے منتخب امیدواروں کو تقرری نامے دیے گئے اور ‘آفٹر کیئر ‘ گائیڈ لائنز و کافی ٹیبل بک کا اجراء بھی عمل میں آیا۔ اس موقع پر خواتین کے احترام اور تحفظ کے حوالے سے اجتماعی حلف بھی لیا گیا۔مزید برآں، سول سروسز انسٹی ٹیوٹ اسکیم کے تحت 71 ویں بی پی ایس سی کے لیے منتخب 755 خواتین امیدواروں کے کھاتوں میں ڈی بی ٹی کے ذریعے 3,7,7,50,000روپے کی رقم منتقل کی گئی۔تقرریوں کی تفصیلات کے مطابق، اسٹیٹ چائلڈ پروٹیکشن سوسائٹی، محکمہ سوشل ویلفیئر پٹنہ کے تحت مختلف عہدوں پر 106 امیدواروں اور ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے تحت 147 امیدواروں کو تقرری نامے تقسیم کیے گئے۔ ان میں کیس ورکر، او ایس سی کونسلر، پیرا لیگل، پیرا میڈیکل اور ڈیٹا انٹری آپریٹر جیسے مختلف عہدے شامل ہیں۔
اسٹیٹ چائلڈ پروٹیکشن سوسائٹی کے تحت کنٹریکٹ کی بنیاد پر منتخب امیدواروں کی تفصیل درج ذیل ہے: پروگرام منیجر (1)، پروگرام آفیسر ٹریننگ (1)، لیگل کم پروبیشن آفیسر (4)، کونسلر ڈی سی پی یو (8)، ڈیٹا اینالسٹ (4)، سوشل ورکر (7)، آؤٹ ریچ ورکر (16)، پروبیشن آفیسر/کیس ورکر (13)، کونسلر سی سی آئی (14)، ہاؤس ماسٹر/ہاؤس مدر (15)، پیرا میڈیکل اسٹاف (20)، نرس (2) اور فزیو تھراپسٹ (1)۔اپنے خطاب میں سکریٹری محکمہ سوشل ویلفیئر نے کہا کہ یہ تقریب محض روزگار کی فراہمی کا پروگرام نہیں بلکہ حساس خدماتی نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کا مقصد ہر ضرورت مند خاتون اور بچے تک بروقت مدد، تحفظ اور انصاف کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے نو منتخب امیدواروں سے لگن اور حساسیت کے ساتھ کام کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے مزید کہا کہ آج مقرر کیے گئے امیدوار نچلی سطح پر تبدیلی کے علمبردار بنیں گے اور ان کے فعال کردار سے خدمات کی فراہمی کا نظام مزید مؤثر ہوگا۔ سول سروسز ترغیبی رقم کے ذریعے بڑی تعداد میں خواتین کو تعاون فراہم کرنا ریاست میں خواتین کی صلاحیتوں اور شرکت کی حوصلہ افزائی کی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔پروگرام میں ایڈیشنل سکریٹری محکمہ سوشل ویلفیئر، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈائریکٹوریٹ، ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے انتظامی افسران، جوائنٹ ڈائریکٹر چائلڈ پروٹیکشن یونٹ، یو این آئی اور یونیسیف کے نمائندے سمیت محکمے کے دیگر افسران اور ملازمین موجود تھے۔ استقبالیہ کلمات ایگزیکٹو ڈائریکٹر ویمن اینڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے ادا کیے، جبکہ آخر میں ڈپٹی سکریٹری نے شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ ‘بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ ‘ اسکیم کے تحت ریاست کے تمام اضلاع میں آگاہی اور اعزاز کی مختلف تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔



