آئینی اختیارات کے ساتھ انتخاب لڑنے کا حق سبھی کو ہے
جدید بھارت نیوز سروس
جمشیدپور؍ جگسلائی،3؍فروری: جگسلائی نگر پریشد علاقے میں انتخابی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ اس دوران جھارکھنڈ ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ہدایت اللہ خان کی اہلیہ نوشین خان نے آج نگر پریشد صدر کے عہدے کے لیے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ نامزدگی کے دوران پورے علاقے میں جوش و خروش کا ماحول دیکھا گیا۔ نامزدگی کے عمل سے قبل حامیوں اور مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد جگسلائی عیدگاہ میدان میں جمع ہوئی۔ وہاں سے ایک منظم اور پرامن پرچہ نامزدگی کا جلوس نکالا گیا، جو نعروں اور جوش و جذبے کے درمیان کلکٹریٹ عمارت تک پہنچا۔ جلوس میں خواتین، نوجوانوں اور بزرگوں کی بھی نمایاں شرکت دیکھنے میں آئی، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ نوشین خان کو علاقے کے مختلف طبقوں سے حمایت حاصل ہے۔ کلکٹریٹ پہنچنے کے بعد نوشین خان نے باضابطہ طور پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوام نے انہیں موقع دیا تو وہ جگسلائی کے بنیادی مسائل حل کرنے، صفائی ستھرائی، پینے کا پانی، سڑک اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کو ترجیح دیں گی۔ جس طرح قبل میں انہوں نے گھر میں رہتے ہوئے بھی جگسلائی کے عوام کی خدمت کیا کرتی تھیں، اسی طرح اگر جگسلائی کی عوام نے انہیں اس بار اگر موقع دیا تو وہ گراؤنڈ لیول پر اتر کر عوام کیلئے کام کریں گی اور جگسلائی کی ترقی و جگسلائی کے عوام کی ترقی اور ان کی خدمت کیلئے ہمیشہ تیار رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد سیاست نہیں بلکہ خدمت ہے، اور وہ جگسلائی کو ایک بہتر اور منظم نگر پریشد حلقہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ آئینی اختیارات کے ساتھ انتخاب لڑنے کا حق سبھی کو ہے کس میں کتنا دم ہے یہ عوام کی عدالت طے کرے گی۔ اس بیچ ان کے شوہر جھارکھنڈ ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ہدایت اللہ خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوشین خان ایک عرصے سے سماجی کاموں میں مصروف ہیں اور نچلی سطح پر علاقے کے مسائل کو سمجھتی ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ عوام ترقی اور دیانتدار قیادت پر نظر رکھتے ہوئے ان کا ساتھ دیں گے۔ جگسلائی نگر پریشد علاقے میں انتخابی مقابلہ ایک دلچسپ ہونے کی توقع ہے، جس میں مختلف امیدوار عوام کے سامنے اپنے منصوبے اور وعدے پیش کر رہے ہیں۔ لیکن آج کے پرچہ نامزدگی جلوس کو دیکھتے ہوئے یہ صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ جس طرح نوشین خان جگسلائی کی ترقی کیلئے پرعزم ہیں اور وہاں کے عوام کی خدمت کیلئے وقف ہیں، ٹھیک اسی طرح جگسلائی کی عوام بھی نوشین خان کی جیت کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ پرچہ نامزدگی کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد نوشین خان نے ساکچی واقع جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے رابطہ دفتر کا دورہ کیا اور پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے جے ایم ایم کے سینئر لیڈروں سے آشیرواد حاصل کیا اور تنظیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن پر تبادلہ خیال کیا۔ پارٹی کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی جیت کی خواہش کی۔ نوشین خان نے کہا کہ اگر انہیں عوام کا اعتماد اور پارٹی کی حمایت حاصل ہوتی ہے تو وہ جگسلائی نگر پریشدہ کے علاقے کی مجموعی ترقی کو ترجیح دیں گی جس میں صفائی، پینے کا پانی، سڑکیں، نالوں اور شہری سہولیات شامل ہیں۔ اس موقع پر جے ایم ایم کے کئی عہدیدار، کارکنان اور سینکڑوں حامی موجود تھے۔



