Tuesday, January 20, 2026
ہومNationalمحکمہ انکم ٹیکس نے مزدور کو بھیجا سات کروڑ سے زائد کا...

محکمہ انکم ٹیکس نے مزدور کو بھیجا سات کروڑ سے زائد کا نوٹس

ہردوئی 19جنوری(یواین آئی) اتر پردیش کے ضلع ہردوئی میں دن بھرمزدوری کر کے دو وقت کی روٹی کمانے والے ایک شخص کو محکمہ انکم ٹیکس نے سات کروڑ روپے سے زیادہ کے ٹیکس بقایاجات کا نوٹس بھیجا ہے۔مزدور کے ہاتھ میں نوٹس آیا تو اس کے اور اس کے خاندان کے پیروں تلے سے زمین کھسک گئی۔ فی الحال نوٹس کو ہاتھ میں لے کر اب غریب مزدور پورے معاملے میں انصاف کے لیے اعلیٰ افسران سے فریاد لگانے کی تیاری میں ہے، جس سے اس کے ساتھ انصاف ہو سکے اور جو لوگ قصوروار ہیں ان کو سزا مل سکے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع کے مادھو گنج تھانہ علاقے کے رودامئو گاؤں کے رہائشی مزدور گووند کمار کو محکمہ انکم ٹیکس نے 7 کروڑ 15 لاکھ 92 ہزار 786 روپے کا نوٹس تھما دیا ہے، جب کہ اس کے گھر میں کھانے کے لیے مہینے بھر کا اناج تک نہیں ہے۔ آج اس کے سامنے انکم ٹیکس محکمہ کی کروڑوں کی دینداری ہو گئی ہے۔نوٹس ملنے کے بعد سے خاندان صدمے میں ہے۔ بیوی سونی دیوی، بزرگ والدین کی آنکھوں میں یہی سوال ہے کہ آخرایک مزدور کے پاس اتنے کروڑ روپے جمع کرنے کے لیے آئے تو کہاں سے آئے۔ دراصل اس کہانی کی جڑیں قریب چھ سال پرانی ہیں، جب کام کی تلاش میں گووند کانپور گیا تھا۔ وہاں غریبی کا فائدہ اٹھا کر اسے سرکاری مدد دلانے کا جھانسہ دیا گیا۔ایک خاتون اسے سیتا پور کے بسواں لے گئی، جہاں ایچ ڈی ایف سی بینک میں اس کے نام سے کھاتہ کھلوایا گیا۔ بدلے میں گووند کو ملے صرف دو-تین ہزار روپے لیکن اس سے اس کی پاس بک اور چیک بک لے لی گئی۔ خدشہ ہے کہ اسی کھاتے کے ذریعے جعل سازوں نے فرضی فرم بنا کر کروڑوں کا لین دین کیا اور غریب مزدور کو مہرہ بنا دیا۔جب انکم ٹیکس محکمہ کی ٹیم گاؤں پہنچی اور پرانے نوٹس و بینک ٹرانزیکشن کی جانکاری دی تو گووند کے ہوش اڑ گئے۔ گووند کا بڑا بھائی قصبے میں ٹھیلہ لگاتا ہے، چھوٹا بھائی مزدوری کرتا ہے۔ پورا خاندان آج سسٹم کی ایک بڑی خامی کا شکار ہے۔فی الحال اب گووند پورے معاملے میں خود کو بے گناہ ثابت کرنے اور قصوروار لوگوں پر کارروائی کے لیے اعلیٰ افسران کے پاس فریاد لگانے کی تیاری میں ہے، لیکن سوال یہ ہے اتنے بڑے ٹرانزیکشن پر بینک کی نگرانی کہاں تھی اور ان جعل سازوں پر کارروائی کیا ہوگی جنہوں نے ایک غریب کی مجبوری کو ہتھیار بنا لیا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات