یکم فروری کو پیش کیا جائے گا عام بجٹ
نئی دہلی، 10 جنوری:۔ (ایجنسی) مرکز کی مودی حکومت 2026 کا عام بجٹ پیش کرنے جا رہی ہے۔ تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2026 کا بجٹ سیشن 28 جنوری بروز بدھ شروع ہوگا اور 2 اپریل تک جاری رہے گا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں یہ جانکاری شیئر کی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ اجلاس دو مرحلوں میں منعقد ہوگا۔ پہلا مرحلہ 28 جنوری کو شروع ہوگا اور 13 فروری تک جاری رہے گا۔ دوسرا مرحلہ 9 مارچ کو شروع ہوگا اور 2 اپریل تک جاری رہے گا۔ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کرن رجیجو نے لکھا کہ حکومت ہند کی سفارش پر صدر دروپدی مرمو نے 2026 کے بجٹ سیشن کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو بلانے کی منظوری دی ہے۔ صدر جمہوریہ کا خطاب 28 جنوری کو ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن جمعرات 29 جنوری 2026 کو اقتصادی سروے پیش کریں گی۔ اس کے بعد سنیچر کو بھی دونوں ایوانوں کی کارروائی معطل رہے گی۔ 2026 کا عام بجٹ بروز اتوار یکم فروری 2026 کو پیش کیا جائے گا۔ صدر کے خطاب اور 2026 کے عام بجٹ پر شکریہ کی تحریک کے بعد پارلیمنٹ کی کارروائی 13 فروری کو ملتوی کر دی جائے گی۔ اس کے بعد دونوں ایوانوں کا دوبارہ اجلاس 9 مارچ کو ہوگا، جو 2 اپریل تک جاری رہے گا۔ پارلیمنٹ کے 2026 کے بجٹ اجلاس کو عام طور پر دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے، جس کے درمیان وقفہ ہوتا ہے تاکہ اسٹینڈنگ کمیٹیاں الگ الگ وزارتوں کی گرانٹس کے مطالبات کی جانچ کر سکیں۔ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس 2025 کی طرح، 2026 کے بجٹ سیشن میں بھی کئی قوانین متعارف کرائے جائیں گے۔



