چھ نشستوں پر عظیم اتحاد کے امیدواروں کے درمیان’دوستانہ‘ مقابلہ
پٹنہ، 10 نومبر (یو این آئی) بہار میں 11 نومبر کو دوسرے اور آخری مرحلے میں 122 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں چھ نشستوں پر عظیم اتحاد کے امیدواروں کے درمیان ‘دوستانہ، مقابلہ ہوگا۔یہ چھ نشستیں کہلگاؤں، سلطان گنج، چین پور، سکندرہ (ریزروڈ)، کرہگر اور نرکٹیا گنج ہیں، جہاں عظیم اتحاد کے امیدوار اپنے ہی اتحاد کے ساتھیوں کو چیلنج دیتے نظر آئیں گے۔اس مرتبہ کے بہار انتخابات میں عظیم اتحاد میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)، کانگریس، وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی)، سی پی آئی (ایم ایل)، سی پی آئی، سی پی آئی ایم اور انڈین انکلیوسیو پارٹی (آئی آئی پی)پارٹیاں شامل ہیں۔دوسرے مرحلے میں آر جے ڈی نے 71، کانگریس نے 36، سی پی آئی (ایم ایل) نے 6، وی آئی پی نے 8، سی پی آئی نے 4 اور سی پی آئی ایم نے 1 نشست پر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔آر جے ڈی اور کانگریس کے امیدوار کہلگاؤں، سلطان گنج، سکندرہ (ریزروڈ) اور نرکٹیا گنج میں آمنے سامنے ہیں، وہیں چین پور میں وی آئی پی اور آر جے ڈی کے درمیان مقابلہ ہے، جبکہ کرہگر میں سی پی آئی اور کانگریس کے امیدوار آمنے سامنے ہیں۔کہلگاؤں میں کانگریس کے پروین سنگھ کشواہا اور آر جے ڈی کے رجنیش بھارتی کے درمیان مقابلہ ہے۔ جنتا دل (یونائیٹڈ) نے یہاں سینئر کانگریس لیڈر سدانند سنگھ کے بیٹے شبھانند مکیش کو امیدوار بنایا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے ٹکٹ نہ ملنے پر پون کمار یادو نے آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نشست پر کل 13 امیدوار میدان میں ہیں۔مشہور شراؤنی میلے کے مرکز بابا کی نگری، بھاگلپور ضلع کی سلطان گنج نشست پر کانگریس کے للن کمار کا مقابلہ آر جے ڈی کے چندن سنہا سے ہے۔ جے ڈی یو نے یہاں للت نارائن منڈل کو امیدوار بنایا ہے۔ اس نشست پر 14 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔سکندرہ (ریزروڈ) نشست پر آر جے ڈی کے امیدوار اور سابق اسمبلی اسپیکر ادے نارائن چودھری کا مقابلہ کانگریس کے وینو چودھری سے ہے۔ ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے موجودہ ایم ایل اے پرفل کمار مانجھی دوبارہ قسمت آزما رہے ہیں۔ جن سوراج کے سبھاش چندر بوس بھی میدان میں ہیں۔ اس نشست پر کل 10 امیدوار ہیں۔نرکٹیا گنج اسمبلی حلقے میں کانگریس کے شاشوت کیدار کا مقابلہ آر جے ڈی کے دیپک یادو سے ہے۔ شاشوت سابق وزیر اعلیٰ کیدار پانڈے کے پوتے ہیں۔ بی جے پی نے موجودہ ایم ایل اے رشمی ورما کو ٹکٹ نہ دے کر سنجے کمار پانڈے کو امیدوار بنایا ہے۔ یہاں کل 12 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔چین پور نشست پر آر جے ڈی کے سابق وزیر برج کشور بند اور وی آئی پی کے بال گووند بند کے درمیان مقابلہ ہے۔ جے ڈی یو کی طرف سے اقلیتی بہبود کے وزیر جمعہ خان میدان میں ہیں۔ پرشانت کشور کی پارٹی ‘جن سوراج، نے یہاں سابق ایم پی لال مُنی چوبے کے بیٹے ہیمنت چوبے کو امیدوار بنایا ہے۔
چین پور میں کل 22 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔کرہگر نشست پر سابق وزیر گریش نارائن مشرا کے بیٹے اور کانگریس ایم ایل اے سنتوش کمار مشرا کا مقابلہ سی پی آئی کے مہندر پرساد گپتا سے ہے۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے سابق وزیر رام دھنی سنگھ کے بیٹے ادے پرتاپ سنگھ کو امیدوار بنایا ہے۔ پرشانت کشور کی پارٹی جن سوراج کے ٹکٹ پر مشہور بھوجپوری گلوکار اور اداکار ریتیش پانڈے بھی انتخابی میدان میں ہیں۔ کرہگر میں کل 12 امیدوار میدان میں ہیں۔اب یہ دیکھنادلچسپ ہوگا کہ ان چھ نشستوں پر مہاگٹھ بندھن کے امیدواروں کے درمیان ہونے والے ان دلچسپ مقابلوں میں بازی کون مارے گا۔



