مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے پرتیجسوی کابڑا اعلان:موجودہ حکومت لوگوں کو بے روزگار ہی رکھنا چاہتی ہے
پٹنہ، 9 اکتوبر (یو این آئی) بہار اسمبلی میں اپوزیشن اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر تیجسوی یادو نے جمعرات کو ایک بڑا اعلان کیا کہ اگر ریاست میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنتی ہے تو وہ ریاست میں ہر خاندان کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دیں گے۔آج یہاں منعقد ایک پریس کانفرنس میں مسٹر یادو نے کہا کہ بہار میں ہر اس خاندان کو جس کے پاس سرکاری نوکری نہیں ہے، ایک نیا قانون بنا کر لازمی ملازمت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بنتے ہی 20 دنوں کے اندر قانون بنائیں گے اور 20 ماہ کے اندر بہار میں کوئی بھی گھرانہ سرکاری نوکری کے بغیر نہیں رہے گا۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ انتخابی مہم کا اعلان ہو چکا ہے اور انہوں نے پہلے بھی کہا تھا کہ تیجسوی جو اعلانات کررہا ہے، حکومت اس کی نقل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس 20 سال پرانی کھٹارا حکومت کو یہ معلوم ہی نہیں تھا کہ بے روزگاری سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے 17 ماہ میں لوگوں کو نوکریاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت لوگوں کو بے روزگار ہی رکھنا چاہتی ہے، اس لیے جب الیکشن آتے ہیں تو نوکریاں دینے کی نہیں بے روزگاری بھتہ دینے کی بات کررہے ہیں، نوکری دینے کی نہیں۔ اب سماجک نیائے کے بعد آرتھک نیائے بنے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔مسٹر یادو نے کہا، “2020 میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ حکومت بنتے ہی وہ 10 لاکھ لوگوں کو نوکریاں دیں گے۔ موجودہ وزیر اعلیٰ نے اس وقت کہا تھا، ‘کیا یہ ممکن ہے؟ پیسہ کہاں سے آئے گا؟ حکومت بننے کے دو سال بعد بھی کسی کو نوکری یا روزگار نہیں ملا۔ بہار کو اب آگے لے جانا ہے۔ جب بہار میں لوگوں کو روزگار ملے گا تو ہر ضرورت پوری ہو جائے گی۔ ہم سب کو مستقل مکان فراہم کریں گے۔ ہم ہر گھر کو نل کا پانی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اعلانات کرکے دھوکہ نہیں دیتے۔ ہر گھر میں روزگار کا وعدہ ہے۔ انہوں نے جو کہا ہے وہ کیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ انہوں نے پانچ لاکھ لوگوں کو نوکریاں دی ہیں لیکن کسک ابھی بھی برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں پانچ سال کا وقت دیا جاتا تو وہ بہت کام کرتے۔ وہ لاکھوں نوکریاں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے لوگ اس بار تبدیلی چاہتے ہیں۔ نتیش کمار کی 20 سالہ حکومت میں قوت ارادی کا فقدان ہے۔ انہوں نے جو اعلان کیا اس کی نقل نتیش حکومت نے کرلی۔ 20 سالہ حکومت نے ہر گھر میں خوف پھیلا دیا۔ گرینڈ الائنس کی حکومت بننے پر ہر گھر کو نوکری دی جائے گی۔ جب ہر خاندان میں نوکری ہوگی تو ہر گھر کے لوگ حکومت چلانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔مسٹر یادو نے کہا کہ بہار اب بدنام نہیں رہے گا بلکہ ملک اور دنیا میں تبدیلی کا گواہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کے بعد بہار اب معاشی انصاف کا مشاہدہ کرے گا۔ بہار میں اب روزگار کی بحالی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 20 سال سے لوگ مستقل مکانوں کے انتظار میں پڑے رہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 20 سال کی بدعنوان نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) حکومت ہر گھر کو مستقل رہائش، سستا راشن اور صاف پانی فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ حکومت میں تھے تو سات نشچئے پروگرام کے تحت “ہر گھر نل کا جل یوجنا” شروع کی گئی، لیکن وہ بھی نتیش- بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت میں بدعنوانی کی نذرہوگئی۔



