Saturday, December 6, 2025
ہومJharkhandگینگسٹر مینک سنگھ کو آذربائیجان سے رانچی لے آئی جھارکھنڈ اے ٹی...

گینگسٹر مینک سنگھ کو آذربائیجان سے رانچی لے آئی جھارکھنڈ اے ٹی ایس

جھارکھنڈ پولیس کی تاریخ میں پہلی بین الاقوامی حوالگی کی کامیابی

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 23 اگست:۔: جھارکھنڈ پولیس کے انتہائی مطلوب مجرم مینک سنگھ عرف سنیل سنگھ مینا کو سنیچر کی صبح آذربائیجان سے جھارکھنڈ لایا گیا۔ یہ جھارکھنڈ پولیس کی اولین حوالگی (extradition) کی کامیابی ہے۔ انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کی ٹیم اسے سخت سیکیورٹی کے درمیان برسا منڈا ایئرپورٹ، رانچی پہنچائی، جہاں سے اسے رام گڑھ لے جایا گیا۔ عدالت میں پیشی کے بعد اے ٹی ایس اسے ریمانڈ پر لے گی۔
ایس پی خود آذربائیجان گئے تھے
جھارکھنڈ اے ٹی ایس کے ایس پی رِشبھ جھا مینک سنگھ کو واپس لانے کے لیے خود جمہوریہ آذربائیجان گئے تھے۔ پولیس ہیڈکوارٹر کے مطابق، مینک سنگھ کے خلاف ریاست کے مختلف اضلاع میں 48 مقدمات درج ہیں، جن میں زیادہ تر ہزاری باغ کے تھانوں میں ہیں۔
ریڈ کارنر نوٹس کے بعد گرفتاری
رام گڑھ، پتراتو تھانے میں درج کیس نمبر 175/22 کی بنیاد پر جھارکھنڈ اے ٹی ایس نے عدالت میں چارج شیٹ داخل کر کے مینک سنگھ کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کروایا۔ اس نوٹس پر کارروائی کرتے ہوئے اسے 29 اکتوبر 2024 کو آذربائیجان میں گرفتار کیا گیا۔
عدالتی منظوری اور حوالگی کی کارروائی مکمل
گرفتاری کے بعد آذربائیجان کی حکومت نے بھارت سے حوالگی کے دستاویزات طلب کیے۔ وزارتِ خارجہ کے ذریعے تمام قانونی کارروائی مکمل کی گئی۔ 27 جنوری 2025 کو باکو کی فوجداری عدالت نے مینک سنگھ کو بھارت کے حوالے کرنے کی منظوری دی۔
22 اگست کو بھارتی افسر کے سپرد کیا گیا
آذربائیجان نے 4 اگست 2025 کو خط و کتابت کے ذریعے اطلاع دی کہ مینک سنگھ کو 22 اگست کو بھارتی افسر کے حوالے کر دیا گیا۔ بعد ازاں اُسے جھارکھنڈ لا کر رام گڑھ عدالت میں پیش کرنے کی کارروائی شروع کی گئی۔
جھارکھنڈ پولیس کی تاریخ میں حوالگی کی پہلی کامیابی
رانچی ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد جھا نے کہا، “یہ جھارکھنڈ پولیس کی تاریخ میں پہلی کامیاب حوالگی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ بیرون ملک موجود باقی مجرموں کو بھی جلد ہی حوالگی یا ملک بدری کے ذریعے واپس لایا جائے گا۔” انہوں نے کہا، ’’یہ ایک بڑی کامیابی ہے اور اس کا سہرا ہمارے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، چیف منسٹر اور ریاستی اور مرکزی حکومت کے تعاون کو جاتا ہے۔‘‘

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات