Sports

ہندوستانی خاتون ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو 211 رن سے دی شکست

9views

وڈودرا، 22 دسمبر (یو این آئی) اسمرتی مندھانا (91)، ہرلین دیول (44) اور پرتیکا راول (40) کی شاندار بلے بازی کے بعد رینوکا سنگھ (پانچ وکٹ) کی بہترین گیند بازی کی بدولت ہندوستانی خاتون ٹیم نے اتوار کو پہلے ون ڈے مقابلے میں ویسٹ انڈیز کو ریکارڈ 211 رنوں سے ہرایا۔ اسی کے ساتھ ہندوستانی ٹیم نے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ہندوستان کے 314 رن کے جواب میں بیٹنگ کے لیے آنے والی ویسٹ انڈیز کی شروعات انتہائی خراب رہی اور محض 11 کے اسکور پر اس کے چار وکٹ گر گئے۔ ہندوستانی بالنگ اٹیک کے سامنے ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز اور کیانا جوزف کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئیں۔ ڈینڈرا ڈوٹن (آٹھ) اور رشدا ولیمز (تین) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد شمن کیمبل اور عالیہ ایلن نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ 11ویں اوور میں رینوکا نے عالیہ ایلن (13) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ اس کے بعد رینوکا نے شبیکا غزنوی (تین) کو بولڈ کیا اور ہندوستان کے لیے ان کا چوتھا اور چھٹا وکٹ لیا۔ جائڈا جیمز (نو)، کرشمہ رامہیرک (11)، شمائلہ کونیل (آٹھ) اور شمن کیمبل (21) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ٹیم کے لیے ایفی فلیچر نے سب سے زیادہ (24 ناٹ آؤٹ) اننگز کھیلی۔ ہندوستانی بالنگ اٹیک نے ویسٹ انڈیز کو 26.2 اوورز میں 103 رن پر آؤٹ کر دیا اور میچ 211 رنز سے جیت لیا۔ہندوستان کی جانب سے رینوکا سنگھ نے پانچ وکٹ حاصل کئے۔ پریا مشرا نے دو وکٹ لئے۔ تیتاس سادھو اور دپتی شرما نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل آج ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی اسمرتی مندھانا اور پرتیکا راول کی ہندستانی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کی اور پہلی وکٹ کے لیے 110 رن کی شراکت قائم کی۔ ہیلی میتھیوز نے 24ویں اوور میں پرتیکا راول (40) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ 32ویں اوور میں جیڈا جیمز نے اسمرتی مندھانا کو آؤٹ کر کے ہندستانی ٹیم کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اسمرٓتی مندھانا اپنی سنچری کے قریب تھیں۔ انہوں نے 102 گیندوں میں 13 چوکوں کی مدد سے 91 رن بنائے۔ہرلین دیول نے 50 گیندوں میں دو چوکے اور ایک چھکا لگا کر (44) رن بنائے۔ کپتان ہرمن پریت کور نے 23 گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے (34) رن بنائے۔ ریچا گھوش 13 گیندوں میں 26 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں، جمائمہ روڈریگز 19 گیندوں پر (31) رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ آخری اووروں میں جیڈا جیمز نے چار وکٹیں لے کر ہندوستانی ٹیم کو بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔ دیپتی شرما 12 گیندوں میں (14) رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہندوستانی ٹیم نے مقررہ 50 اووروں میں نو وکٹ پر 314 رن بنائے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈا جیمز نے آٹھ اووروں میں 24 رن دے کر پانچ وکٹ حاصل کیں۔ ہیلی میتھیوز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈینڈرا ڈوٹن نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.