International

بین الاقوامی عدالت “انسانیت کی دشمن” بن چکی ہے

42views

نیتن یاہوکے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری ہونے پر اسرا ئیل کی بوکھلا ہٹ

تل ابیب، 22 نومبر (یواین آئی) اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے باور کرایا ہے کہ اسرائیل ان کی گرفتاری کے وارنٹ سے متعلق بین الاقوامی فوجداری عدالت کا فیصلہ ہر گز تسلیم نہیں کرے گا۔نیتن یاہو نے اسے ‘سیاہ دن، قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بین الاقوامی عدالت “انسانیت کی دشمن” بن چکی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی فیصلہ انہیں “اسرائیل کے دفاع” سے ہر گز نہیں روک سکے گا۔ نیتن یاہو کے مطابق بین الاقوامی عدالت اسرائیل کے خلاف ہونے والے جنگی جرائم کو نظر کر رہی ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ “بین الاقوامی فوجداری عدالت سیاسی طور پر سے مقابلہ کرنے کا آلہ بن کر اپنی قانونی حیثیت کھو چکی ہے … اس نے بے بنیاد الزامات جاری کیے ہیں”۔نیتن یاہو کے مطابق عدالت نے حماس کے جرائم کے مقابل کچھ نہیں کیا اور اس کا فیصلہ جمہوری ریاستوں کے خود کے دفاع کے حق کی پامالی ہے۔اس سے قبل جمعرات کے روز ہیگ میں بین الاقوامی فوجداری عدالت نے بتایا کہ “اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔ یہ وارنٹ انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم کے معاملات کی بنیاد پر جاری کیے گئے جن کا ارتکاب کم از کم آٹھ اکتوبر 2023 سے 20 مئی 2024 تک کیا گیا”۔ عدالت کے مطابق حماس کے عسکری ونگ عز الدین القسام بریگیڈز کے کمانڈر محمد الضیف کے خلاف بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیا گیا ہے۔عدالت کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے وارنٹوں کو “خفیہ” رکھا گیا ہے جس کا مقصد گواہان کو تحفظ فراہم کرنا اور تحقیقات کو یقینی بنانا ہے۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر کریم خان نے مئی 2024 میں عدالت سے درخواست کی تھی کہ نیتن یاہو اور یوآو گیلنٹ (سابق وزیر دفاع جنھیں اسرائیلی وزیر اعظم نے نومبر 2024 کے اوائل میں برطرف کر دیا تھا) کے خلاف غزہ میں مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جائیں۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.